• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمان ملکی دفاع اور سالمیت کیلئے میدان عمل میں نکلے‘جمعیت

کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن ملکی دفاع اور سالمیت کے لیے میدان عمل میں نکل کر جدوجہد کررہے ہیں،چند سیاسی بونے قائد جمعیت پر تنقید کرکے اپنا قد بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں جس میں ان کو ناکامی ہوگی ،مولانا فضل الرحمٰن پر بیجاتنقید کرنے والے پی ٹی آئی کے رہنما اپنے ایمان پر نظر ثانی کریں۔جمعہ کو جاری مشترکہ بیان میں مولانا محمد طاہر تو حیدی ،حافظ زبیر احمد، محمد یوسف ،وقار شاہوانی ، ڈاکٹر ظفر اللہ جتک،مولانا محمد عثمان،مولانا ثنا اللہ، مولانا احسان اللہ فاروقی اور حافظ اختر محمد مدنی نےپی ٹی آئی بلوچستان کے ایک رہنما کی جانب سے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعیت کے کارکن اپنے قائد کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں۔مولانا فضل الرحمٰن امت مسلمہ کے قائد ہیں جن کی سیاست کو آج ملکی و بین الاقوامی سیاستدانوں نے تسلیم کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن ملکی دفاع اور سا لمیت کیلے میدان عمل میں نکل کر جد و جہد کررہے ہیں۔ درایں اثنا جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے رہنماؤں نے پشتو ن آباد میں جامع مسجد رحمانیہ میں بم دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بدامنی اور بم دھماکوں کے ذمہ دار وفاقی و صوبائی حکمران ہیں۔ حکومت قوم کو امن و امان اور تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ۔ حکمران قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ حکمرانوں نے عملاً قوم کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین ملکی استحکام اور عوام کے قتل عام کے خلاف مثبت لائحہ عمل طے کریں۔
تازہ ترین