• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’اسلام آباد مفلوج رکھنے والا ایک دن کا احتجاج برداشت نہ کر سکا‘‘

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز کہتی ہیں کہ اسلام آباد کو 4 ماہ تک فلوج رکھنے والا ایک دن کا چھوٹا احتجاج بھی برداشت نہیں کر سکا۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی نیب میں پیشی کے موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر تشدد کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ دھرنے کے دوران پارلیمنٹ، وزیر اعظم ہاؤس اور پی ٹی وی پر حملہ کیا گیا۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ یہ ڈرتے ہیں کیوں کہ یہ چور دروازے سے آئے ہیں، ووٹ چوروں کا10 ماہ میں یہ حال ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ آج بلاول بھٹو زرداری نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں پیش ہوئے، اس موقع پر انتظامیہ نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو روکنے کے لیے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے تھے۔

پابندی کے باوجود اپنے لیڈر کے استقبال اور انہیں سپورٹ کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کے کارکن بڑی تعداد میں نیب ہیڈکوارٹر پہنچے، انہوں نے بلاول کے حق میں نعرے لگائے۔

ڈی چوک سمیت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پی پی پی کارکنوں کی پولیس سے ہاتھا پائی ہوئی، جس کے دوران کئی کارکنوں کو حراست میں بھی لیا گیا۔

اسلام آباد میدان جنگ بن گیا، جیالے رکاوٹیں توڑ کر آگے بڑھتے رہے، پولیس کی جانب سے پی پی پی کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا، ان کے خلاف آنسو گیس شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کئی جیالوں اور جیالیوں کو حراست میں لے لیا، پولیس اہلکاروں نے ان حراست میں لیے گئے کارکنوں پر تشدد بھی کیا۔

تازہ ترین