• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرسکون زندگی کیلئے ’ سیلف مساج‘ کے طریقے

ماہرین کے مطابق مصروف زندگی میں خود کو پر سکون رکھنے کے لیے مساج بے حد ضروری ہے، اگر آپ روزانہ 8 سے 10 گھنٹے بیٹھ کر گزارتے ہیں تو آپ کو ’ سیلف مساج ٹیکنیکس ‘ سیکھ لینی چاہیے ، با قاعدگی کے ساتھ مساج کرنے سے آپ کو روز مرہ کی تھکا دینے والی روٹین میں کافی حد تک آرام مل سکتا ہے۔

مساج کے بے حد فوائد ہیں ، اپنی باڈی کو مختلف زاویوں سے مساج کرنے سے پٹھوں کو سکون ملتا ہے، پٹھوں کی سختی کم ہوتی ہے اور خون کی گردش میں اضافہ ہوتا ہے، مساج سفید خون کے خلیات کی پیداوار کو بڑھاتا ہے اور قوتِ مدافعت میں اضافہ بھی کرتا ہے۔

اب آپ کو مساج کے لیے بیوٹی پارلر جانے کی ضرورت نہیں ،گھر بیٹھے سیلف مساج ٹیکنیکس اپنائیں۔

اپنے جسم کو تھپتھپائیں

صبح اُٹھتے ہی بستر چھوڑنے سے پہلے اپنے جسم کو پاؤں سے سر تک ہاتھوںکی مدد سے مساج کریں اورہلکے ہاتھوں سے تھپتھپائیں۔ ٹانگوں سے شروع کرتے ہوئے اوپر کی طرف آئیں اور بازوؤں کو بھی انگوٹھوں سے انگلیوں کی مدد سے مساج کریں،اس سے آپ کا سارا دن خوشگوار اور چوکنا گزرے گا۔ یہی عمل رات کو سونے سے پہلے دہرائیں آپ کو یہ مساج اچھی اورپر سکون نیند میں مدد دیگا۔

اپنے پیٹ پر مساج کیجئے

کھانا کھانے کے بعد اپنے ہاتھوں کی مدد سے اپنے پیٹ پر کلوک وائز مساج کیجیے۔ اس سے آپ کو کھانا ہضم کرنے میں مدد ملے گی اور اگر آپ بسیار خوری ( اوور ایٹنگ ) کے عادی ہیں تو آپ کے لیے یہ مساج بے حد مفید رہے گااور آپ کے کھانے کو جلدی ہضم کرنے میں مدد ملے گی۔

اپنے ہاتھوں کو دبائیں

جب بھی اپنے ہاتھوں پر کوئی کریم یا لوشن لگائیں تو ساتھ ہی میں3سے4منٹ اپنے ہاتھوں کا مساج کر لیں، ہتھیلی پر انگوٹھے کی مدد سے گول گول مساج کریں اور یہی طریقہ اپنے ہاتھوں کی پشت پر اپنائیں، انگلیوں اور انگلیوں کے جوڑوں کو مساج کریں۔

ورزش سے پہلے مساج 

جم جانے سے پہلے اپنے پٹھوں کو پُر سکون بنانے کے لیے اپنے ہاتھوں کی مدد سے جسم، ہاتھوں، ہتھیلیوں، بازوؤں کو نیچے کی طرف مساج کریں اور تھپتھپائیں ، اسی طرح ورزش کے بعد اپنے پورے جسم کے پٹھوں کو دل کی جانب مساج کیجئے۔

گیند کو پاؤں سے دبائیں

خواتین اکثر ہیل پہن کر شادی بیاہ اوردیگر تقریبات میں شرکت کرنا پسند کرتی ہیں، مگر ہیل سے پاؤں کے پنجے میں شدید درد کے باعث پاؤں پر سوجن ہو جاتی ہے اور پٹھے اکڑ جاتے ہیں، ایسے میں گیند کو پاؤں کے نیچے رکھیں اور گیند کو دبائیں، اس سے آپ کے پاؤںکو سکون ملے گا اور درد میں بہت جلد آرام بھی آئے گا۔

تازہ ترین