• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری نے نجی ٹی وی کے اینکر کو تھپڑ مارا

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نجی ٹی وی کے اینکر کو تھپڑ جڑ دیا۔

فواد چوہدری نے نجی ٹی وی کے اینکر کو تھپڑ شادی کی تقریب میں مارا ،ایک بیان میں وفاقی وزیر نے معاملے کو نجی قرار دیا۔

فواد چوہدری کے مطابق کل ایک ذاتی مسئلہ تھا جو کہ 4 سے 5 ماہ سے چل رہا تھا، اس معاملے پر کیس بھی دائر ہیں، ہر انسان کی چھوٹی موٹی لڑائی ہو جاتی ہے۔

نجی ٹی وی کے اینکر نے فواد چوہدری پر وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف سازش کے الزامات عائد کئے تھے،جس پر وفاقی وزیر نے پیمرا کو درخواست دی اور الزامات کو مسترد کردیا۔

اینکر پرسن نے فواد چوہدری پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ عمران خان کو ہٹانےکی سازش میں مبینہ طور پر شریک ہیں اور پیپلزپارٹی سے رابطے میں ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا تھا کہ متعلقہ اینکر پرسن اپنے چینل کیلئے مراعات چاہتےتھے، جس سے انکار کرنے پر وہ بھڑک اٹھے اور اب الزام تراشی پر اتر آئے ہیں۔

فیصل آباد میں جمعے کی شب شادی کی تقریب کا واقعہ بھی اسی الزام تراشی کی کڑی ہے، تقریب میں وفاقی وزیر فواد چوہدری سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنما اور صحافی بھی شریک تھے، جس میں وفاقی وزیر اوراینکر پرسن کے درمیان اچانک ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوگئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’آپ کو غصہ صرف امیر anchors کیلئےکیوں آتا ہے جب عابد راہی جیسے سیلف میڈ غریب صحافیوں کو سمیع ابراہیم جیسے مافیاز تنخواہیں نہیں دیتے اس وقت آپ کی صحافت خطرے میں کیوں نہیں آتی؟ دراصل صحافت کو خطرہ زرد صحافیوں سے ہے اور زرد صحافت کیخلاف مہم چلانا ہو گی‘۔

شادی کی تقریب میں ہونے والے واقعے پر اینکر پرسن نے پولیس کو کارروائی کے لئے درخواست دی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

فواد چوہدری اور نجی ٹی وی کے اینکر کے واقعے پر صحافی برادری کا ردعمل بھی آنا شروع ہوگیا ہے،کراچی سمیت مختلف شہروں میں پریس کلبز کے باہر مظاہرے ہوئے۔

تازہ ترین