• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیمی فائنل کیلئے دوسری بڑی رکاوٹ بھی عبور، پاکستان نے ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست ٹیم نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

ایجبسٹن،بر منگھم (عبدالماجد بھٹی، نمائندہ خصوصی)92ءکی یاد تازہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم نےورلڈ کپ میں دوسری رکاوٹ بھی عبورکرلی ہےاور ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست ٹیم نیوزی لینڈ کو 6وکٹوں سے ہرادیا ہے۔پاکستان نے 238رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کیا۔ورلڈ کپ میں تیسری کامیابی سمیٹ کر پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر آگیا‘بنگلا دیش بہتر رن ریٹ کے سبب پانچویں نمبر پر ہے۔نیوزی لینڈ کے جیمز نیشم نے کیریئر کی بہترین اننگ کھیلی مگر ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے‘شاہین آفریدی کی تباہ کن بالنگ‘بابر اعظم فتح گر سینچری پر مین آف دی میچ قرار دیئے گئے۔ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی یہ پہلی سینچری ہے ، جب کہ 1987کے بعد ورلڈ کپ میں کسی بھی نان اوپننگ پاکستانی بیٹسمین کی بھی یہ پہلی سینچری ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے بھی اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ زبردست کم بیک پر قومی کرکٹ ٹیم کو دلی مبارکباد، شاندار کارکردگی پر بابر اعظم، حارث سہیل اور شاہین کو خصوصی مبارک، جب کہ کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ افغانستان کے خلاف میچ کے لیے فوکس ہیں ۔تفصیلات کے مطابق،ورلڈ کپ کرکٹ میں بابر اعظم نے اپنی زندگی کی یادگار اننگز کھیلتے ہوئےنا قابل شکست نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کردیا۔شاندار فتح کے ساتھ پاکستان نے نیوزی لینڈ کی مسلسل فتوحات کو بریک لگادی اور ٹورنامنٹ میں تیسری کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل کی دوڑ میں مزید پیش قدمی کر لی ہے۔بابر اعظم نے دسویں ون ڈے سنچری 124گیندوں پر مکمل کی جس میںگیارہ چوکے شامل تھے۔نوجوان شاہین شاہ آفریدی کے طوفانی اسپیل اور مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم کی پراعتماد اننگز کی بدولت پاکستان نے ٹورنامنٹ کے لگاتار پانچ میچ جیتنے والی نیوزی لینڈ ٹیم کو چھ وکٹ سے شکست دے دی۔سرفراز احمد نے چوکا مارکر وننگ اسٹروک کھیلا۔بابر اعظم نےآوٹ ہوئے بغیر101رنز اسکور کئے ان کی کلاسیکل اننگز میںگیارہ چوکے شامل تھے۔پاکستان نے138رنز کا ہدف پانچ گیندیں پہلے عبور کیا۔پاکستان کے سات میچوں کے بعد سات پوائنٹس ہوگئے ہیں۔بدھ کو ایجبسٹن میں پاکستان نے مضبوط ٹیم کو آوٹ کلاس کردیا۔حارث سہیل68رنز بناکر رن آوٹ ہوئے انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ 147گیندوں پر126رنز کی میچ وننگ شراکت قائم کی۔پا کستان نےہفتے کو افغانستان اور اس کے بعد5جولائی کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ کھیلنا ہیں۔جبکہ انگلینڈ کو بھارت اورنیوزی لینڈ کے خلاف دو میچ کھیلنا ہیں اور انگلینڈ کو کم ازکم ایک میچ ہارکر پاکستان کے لئے راہ ہموار کرنا ہے۔پاکستان نے جنوبی افریقا کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دی۔ورلڈ کپ میںپاکستان نےاب تک سات میچ کھیلے ہیں، تین جیتے، تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا، اس طرح پاکستان کے 7پوائنٹس ہیں۔اس شکست کے بعد نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں جگہ پکی کرنے کے لئے ایک میچ اور جیتنا ہے۔اسے آسٹریلیا اور انگلینڈ سے بقیہ دو میچ کھیلنا ہیں۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پچاس اوورز میں چھ وکٹ پر237رنز بنائے۔لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے دس اوورز میں تین میڈن کرائےاور28رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔پاکستان کی اننگز میں فخر زمان9رنز بناکر بولٹ کا شکار بنے۔امام الحق کو19رنز پرفرگوسن نے آوٹ کیا۔محمد حفیظ 32رنز بناکر نان ریگولر بولر ولیم سن کا شکار بنے۔حفیظ نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر تیسرے وکٹ پر89گیندوں پر66رنز بنائے۔بابر اعظم نے نصف سنچری65گیندوں پرمکمل کی۔اس دوران انہوں نے ون ڈے میں تین ہزار رنز مکمل کئے۔حارث سہیل نے مسلسل دوسرے میچ میں نصف سنچری بنائی۔قبل ازیں جیمز نیشم نے کیئریئر بیسٹ97رنز بناکر نیوزی لینڈ کو مقابلے والا اسکور کر نے میں مدد دی لیکن وہ تین رنز کی کمی سے پہلی ون ڈے سنچری بنانے میں ناکام رہے۔جیمز نیشم نےآوٹ ہوئے بغیر 97رنز112گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے بنائے۔گرینڈ ہوم نے71گیندوں پر64رنز بنائے۔انہوں نے ایک چھکا اورچھ چوکے مارے۔جب دونوں کریز پر آئے تو لگ رہا تھا کہ نیوزی لینڈ ڈیڑ ھ سو رنز بھی نہیں بنا سکے گا ۔نیشم اور گرینڈ ہوم نے خطر ناک نظر آنے والی پاکستانی بولنگ کو بے اثر کردیا۔کیوی ٹیم نے آخری دس اوورز میں 85رنز کااضافہ کیا۔جیمز نیشم اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے130رنز پر132رنز بناکر نیوزی لینڈ کو مکمل تباہی سے بچایا۔ایک موقع پر پاکستانی بولروں کی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم 83رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔نیوزی لینڈ نے200رنز46.3اوورز میں پورے کئے۔عامر کے دس اوورز میں67اور وہاب ریاض کے دس اوورز میں55رنز بنے۔محمد عامر نے ایک مرتبہ پھر اپنے پہلے ہی اوور میں 5 کے مجموعے پر 5 رنز بنانے والے مارٹن گپٹل کو بولڈ کرکے پاکستان کو ابتدا میں ہی کامیابی دلوادی۔عامر نے پہلے اسپیل میں23رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹ چار رنز دے کر گیارہ گیندوں میں حاصل کئے۔کپتان کین ولیمسن نے کولن منرو کے ہمراہ ٹیم کا اسکور 24 رنز تک پہنچایا جہاں شاہین آفریدی نے 12 رنز بنانے والے کولن منرو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔شاہین آفریدی نے اپنی تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو تہس نہس کردیا، 38 کے مجموعے پر 3 رنز بنانے والے روس ٹیلر اور 46 کے اسکور پر ایک رن بنانے والے ٹام لیتھم کی اننگز کا خاتمہ کیا۔سرفرازاحمد نےراس ٹیلر کا ناقابل یقین کیچ لیا انہوں نے مجموعی طور تین کیچ لئےدوسری جانب نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے مزاحمت جاری رکھی ہوئی تھی تاہم شاداب خان نے 83 کے مجموعے پر 41 رنز بنانے والے کین ولیمسن کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔وہاب ریاض اور محمد عامر کے بیس اوورز میں122رنز بنے۔ دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں جیت کا کریڈٹ بابر اعظم اور حارث سہیل کی بیٹنگکو جاتا ہے۔دونوںنے ناقابل یقین بیٹنگ کرکے ہمیں جیت دلوائی ۔شاہین آفریدی کے اسپیل کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔بابر اعظم اور حارث سہیل نے ون ڈے کرکٹ کی بہترین اور نا قابل یقین اننگز کھیلی۔بدھ کو جیت کے بعد سرفراز احمد نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کی جیت میں فیلڈنگ کا بہت عمل دخل ہوتا ہے ہم نے نیوزی لینڈ کے خلاف کم سے کم غلطیاں کیں اور تماشائیوں نے جس طرح ہمیں سپورٹ دی وہ بیان سے باہر ہے۔سرفرازاحمد نے کہا ہمیں علم تھا کہ پچ پر240رنز آسان نہیں ہیں۔اس لئے ہم نے جلدبازی نہیں کی وکٹیں ہاتھ میں رکھ کر میچ آخری اوور میں فنش کیا۔انہوں نے کہا کہ لوگ 1992کے ورلڈ کپ کی کارکردگی کو اس کارکردگی سے ملا رہے ہیں لیکن ہم افغانستان کے میچ پر فوکس ہیں اور اس میچ میں بھی اچھی کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط ٹیم نے ہمیں آوٹ کلاس کردیا۔پچ میں پچھلے میچ سے کم باونس تھا لیکن پاکستانی نے پلاننگ سے بیٹنگ کی پاکستان نے ہمیں زیادہ چانس نہیں دیا۔جب کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری بناکر مین آف دی میچ حاصل کرنے والے بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میں وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے سنچری بنانے پر مبارک بار دی ۔عمران خان اتنے بڑے کھلاڑی رہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔

تازہ ترین