• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان صدر کی وزیر اعظم ہاؤس آمد، عمران خان نے استقبال کیا

افغانستان کے صدر اشرف غنی کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔


وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچنے پر وزیر اعظم عمران خان نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔

افغان صدر اشرف غنی نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا، دونوں رہنماؤں کےدوران ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔

افغان صدر اور وزیر اعظم عمران خان کے مابین وفود کی سطح پر ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک افغان تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں تجارت، معیشت، سیاست، سیکیورٹی، امن کی صورت حال اور تعلیم سمیت مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل افغان صدر اشرف غنی 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے، ایئر پورٹ پر مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد نے افغان صدر کا استقبال کیا۔

بعد میں افغان صدر اشرف غنی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے دیرینہ جغرافیائی اور تاریخی تعلقات ہیں۔

افغان صدر اشرف غنی دورۂ پاکستان کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔

افغان صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے، جس میں افغان وزراء، تاجر، مشیر اور سینئر حکام شامل ہیں۔

افغان صدر اشرف غنی لاہور بھی جائیں گے، جہاں وہ ایک اہم بزنس فورم میں شرکت کریں گے، فورم میں پاکستان اور افغانستان کے تاجر نمائندے شریک ہوں گے۔

افغان صدر اس سے قبل نومبر 2014ء اور دسمبر 2015ء میں پاکستان آچکے ہیں، حال ہی میں صدر اشرف غنی اور وزیر اعظم عمران خان کے مابین ٹیلی فون پر بات ہوئی تھی۔

دونوں رہنماؤں نے مکہ مکرمہ میں ہونے والے او آئی سی سربراہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر بھی ملاقات کی تھی۔

پاکستان کی میزبانی میں حال ہی میں بھوربن میں افغان امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں افغانستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں اور گروپوں کے رہنما اور نمائندوں نے شرکت کی۔

تازہ ترین