• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، 5 ملزمان گرفتار، فائرنگ سے 2 افراد زخمی

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 11 سے کارروائی کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان موٹر سائیکل لفٹر ہیں جن کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہے۔

ملزمان سے برآمد ہونے والی موٹر سائیکلیں مختلف علاقوں سے چوری کی گئی ہیں، ملزمان کی وارداتوں کا مزید ریکارڈ جمع کیا جا رہا ہے۔

ادھر ڈیفنس فیز 2 کے قریب پولیس نے لوٹ مار کی کوشش ناکام بنا دی اور شہری سے لوٹ مار کرنے والے ڈاکو کو موقع پر گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی، گرفتار ملزم سونو لوٹ مار اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

سپر ہائی وے پر واقع خیبر ہوٹل کے پاس فائرنگ سے 1 شخص زخمی ہو گیا، جبکہ سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب پیٹرول پمپ پر فائرنگ سے 55 سالہ انوار زخمی ہو گیا۔

پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم پنھل خان کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا ہے، ملزم پنھل خان پیٹرول پمپ پر سیکیورٹی گارڈ ہے اور واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔

تازہ ترین