وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی پوری کوشش ہے کہ اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات کا ایک اور دور ہو۔
برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں شہباز شریف نے کہا کہ ہم دوسرے دور اور مستقل امن کے حوالے سے پُرامید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے روشن ترین دور سے گزر رہا ہے، دنیا میں پاکستان کو ایمان دار ثالث کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے، جس پر عالمی قیادت کو مکمل اعتماد ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کی طرح مجھے بھی پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے مذاکرات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے کردار کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے افغانستان سے جنگ کے سوال پر کہا کہ ہم نے کابل سے صرف ایک درخواست کی تھی کہ یہ ضمانت دیں کہ دہشت گرد گروہوں کو افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاک بھارت جنگ میں اگر صدر ٹرمپ مداخلت نہ کرتے تو دنیا جنوبی ایشیا میں بڑی تباہی دیکھ سکتی تھی اور شاید کوئی زندہ نہ بچتا جو بتا سکتا کہ کیا ہوا۔