• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: حادثے میں 1 شخص جاں بحق، 2 چور گرفتار

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران 2 موٹر سائیکل چوروں کو گرفتار کر لیا۔

ایئر پورٹ پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن بھی کیا گیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جبکہ بلدیہ ٹاؤن میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق بلدیہ ٹاؤن میں گلشنِ مزدور کے قریب ٹریفک حادثے میں نامعلوم گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق اور 1 زخمی ہو گیا۔

دوسری جانب لیاری میں ماڑی پور روڈ پر پولیس نے کارروائی کے دوران موٹر سائیکل لفٹر کو گرفتار کر کے 2 چوری کی موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

گرفتار ملزم مختار ماضی میں بھی رضویہ اور کھارادر تھانے میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے اور حال ہی میں جیل سے ضمانت پر رہا ہوا تھا۔

شاہ لطیف ٹاؤن خلد آباد سے بھی پولیس موٹر سائیکل چور شوکت کو گرفتار کر کے چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

ملزم سے برآمد موٹر سائیکل تھانہ شاہ لطیف کی حدود سے چوری کی گئی تھی اور ملزم ساتھیوں کی مدد سے بازاروں، عوامی مقامات اور پارکنگ ایریا سے موٹر سائیکل چوری کرتا تھا۔

ٹی این ٹی کالونی میں سرچ آپریشن

ادھر ایئر پورٹ پولیس اور رینجرز نے ٹی این ٹی کالونی اور اطراف کے علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے گھر گھر تلاشی کا عمل کیا گیا اور مشکوک افراد کے کوائف اور بائیو میٹرک کی تصدیق کی گئی، تاہم آپریشن کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

تازہ ترین