• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحیم یارخان: اکبر ایکسپریس کو حادثہ، 9 مسافر جاں بحق

رحیم یار خان کے قریب لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 9 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اکبر ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر کھڑی ہوئی مال گاڑی سے ٹکرائی۔

حادثے کے مقام پر پولیس اور ریسکیو کا عملہ پہنچ گیا ہے جو امدادی کاموں میں مصروف ہے۔

حادثہ میں ٹرین کی متعدد بوگیاں بھی متاثر ہوئیں ہیں جبکہ ٹرین کا انجن مکمل طور تباہ ہو گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرین کی 3 سے 4 بوگیاں الٹ گئیں جبکہ 6 سے 7 بوگیوں کو شدید نقصان ہوا ہے۔

اے ایس پی صادق آباد کا کہنا ہے کہ کچھ لاشیں ٹرین میں پھنسی ہوئی ہیں۔ لاشیں نکالنے کے لیے ہائیدرو لک کٹر منگوایا جارہا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سڑکیں ٹوٹی ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ نماز پڑھ رہی تھی کہ ایسا لگا طوفان آگیا، ٹرین اتنی زور سے ٹکرائی کے آنکھوں کے آگے اندھیرا چھا گیا۔

مسافر نے دعویٰ کیا ٹریک کا کانٹا نہ بدلنے کے باعث حادثہ پیش آیا۔

تازہ ترین