کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی منورہ منیر نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں کی عدم توجہی کے باعث صوبائی دارالحکومت میں اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود کوئٹہ کے شہری صاف پانی سے محروم ہیں ، منو جان روڈ ، کلی آباد کے رہائشیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا ، تحریک انصاف کی حکومت نے وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان اور کوئٹہ میں پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے خطیر رقم مختص کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کلی آباد منو جان ہدہ کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمران اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود کوئٹہ کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی میں ناکام رہے ہیں اس وقت صوبائی دارالحکومت میں عوام شدید گرمی کے موسم میں دور دراز سے پانی لانے پر مجبور ہیں ، رہی سہی کسر ٹینکر مافیا نے پوری کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے بغیر انسانی زندگی کا تصور محال ہے مگر بدقسمتی سے زندگی کی اس اہم ترین ضرورت کو پورا کرنے اور کوئٹہ کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی پر کھبی توجہ نہیں دی گئی مگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بلوچستان کے شہریوں کے مسائل کے حل کو سنجیدگی سے اٹھانے کے ساتھ ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اور بلوچستان کے احساس محرومی کے خاتمے اور عوام کو صاف پانی ، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے استعمال میں احتیاط کے حوالے سے عوام شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ساتھ ہی شہری واسا کے بلز وقت پر ادا کریں ۔