• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈونیشین باکسنگ چیمپئن شپ: محمد بلال پاکستان کی نمائندگی کرینگے

محمد بلال انڈونیشیا میں سلور سپر لائٹ ویٹ ٹائٹل چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

ورلڈ باکسنگ کونسل کے تحت 20 جولائی کو انڈونیشیا میں ہونے والے سلور سپر لائٹ ویٹ ٹائٹل باکسنگ چمپیئن شپ میں پاکستانی باکسر محمد بلال ورلڈ باکسنگ کونسل کے ایشیا سلور ٹائٹل میں چیمپئن گیسلر اے پی سے مقابلہ کریں گے۔

کراچی پریس کلب میں گلیڈیس پرائیوٹ لمیٹڈ کے سی ای او حسن محمود اور چیف آپریٹنگ آفیسر حسین محمود پروموٹر محمد جاوید اور کوچ کلیم احمد آزاد نے محمد بلال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ انڈونیشیا میں پاکستانی باکسر کی سلور سپر لائٹ ویٹ ٹائٹل میں شرکت پاکستان کیلئے اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ 23سالہ محمد بلال کا تعلق کراچی سے ہے، انہوں نے 30 نومبر2017 کو اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور2017 میں ہی ایک ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ سال 2018ء میں 3 ٹائٹلز میں فاتح رہے اور 2019ء میں یہ ان کا دوسرا ٹائٹل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ باکسر ڈاٹ کام کے ریکارڈ کے مطابق محمد بلال نے پاکستان میں باکسنگ کی6 فائٹ میں حصہ لیا اور تمام فائٹ میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے بتایا کہ ورلڈ باکسنگ کونسل کی ورلڈ رینکنگ کے مطابق دنیا میں 1688باکسر ہیں اور ایشیا میں محمد بلال کی 14ویں رینکنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد بلال سلور سپر لائٹ ویٹ ٹائٹل کیلئے انڈونیشیا روانہ ہو رہے ہیں، اگر محمد بلال ایشیا کا مقابلہ بھی جیت گئے تو ان کی ورلڈ رینکنگ بھی بڑھ جائے گی اور ان کا مستقبل روشن ہو جائے گا اس کے بعد وہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے انٹرنیشنل ٹائٹل کے لئے کوالیفائی کریں گے۔

اس موقع پر باکسر محمد بلال کا کہنا تھا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ وہ اپنی جیت کا تسلسل انڈونیشیا میں بھی جاری رکھیں کیونکہ اللہ کی مہربانی سے کیریئر کے آغاز سے مسلسل کامیابی سے ہمکنار ہوتا رہا ہوں۔ میری کامیابی حقیقت میں پاکستان کی کامیابی ہے اور اپنی ہر کامیابی کو پاکستان کے نام کرتا ہوں۔

تازہ ترین