اسلام آباد (این این آئی، مانیٹرنگ سیل) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کی خبر پر وزیراعظم عمران خان،معاون خصوصی شہزاد اکبر اور دیگر چمچوں کیخلاف برطانوی عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر نے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل میں شہباز شریف کیخلاف خبر لگوانا وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کارنامہ ہے،ذاتی عناد میں اس حد تک نہیں جانا چاہیے، جس فنڈ کا الزام لگایا جا رہا ہے اس کا شہبازشریف سے کوئی تعلق نہیں،شہزاد اکبر کا کام پریس کانفرنس کرنا نہیں،اگر ثبوت ہے تو نیب کو ضرور دیں تاکہ کیس بن سکے، مجھے معلوم ہے ان جھوٹوں کے پاس کچھ نہیں ہے، ایرا کے کیس بنانے ہیں تو مشرف پر بھی بنائيں،پشاور میٹرو پر نہ عمران خان نہ شہزاد اکبربات کرتا ہے نہ نیب ایکشن لیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن )کے رہنماسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پارٹی کی ترجمان مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم اورنگزیب نے حکومتی ترجمانوں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب جرات اور ہمت ہے تو سامنے آئیں ،کرائے کے جھوٹے ترجمانوں سے کیا دھمکیاں دلواتے ہیں، عمران صاحب شہباز شریف کے خلاف جھوٹی اخبار کا سہرا لینا پڑا ، ثبوت ہیں تو کازروائی کیوں نہیں کرتے ،آپ میں اخلاقی جرات اور ہمت ہے تولندن کی عدالت میں پیش ضرور ہونا۔