وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ کہا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کا مقابلہ سخت ہو گا، عمران خان کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ صادق سنجرانی کو جیتتا ہوا دیکھ رہا ہوں، لیکن اگر سنجرانی ہار گئے تو اگلی پریس کانفرنس میں مجھ سے سوال نہیں شروع کر دینا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا امریکا کا دورہ تاریخی تھا، وزیر اعظم عمران خان نے امریکا میں جا کر کہا کہ ایران سے جنگ ایک بڑی غلطی ہو گی، عمران خان کی قسمت اچھی ہے کہ برطانیہ میں بھی ان کا ذاتی دوست آ گیا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ شکر ہے کہ لاہوریوں کو بھی عقل آ گئی ہے، اپوزیشن نے لاہور میں جلسی کی، برصغیر پاک و ہند کی تاریخ میں اتنے چھوٹے جلسے کبھی نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ایسے جلسوں سے جانے والے نہیں، وزیر اعظم کی سفر کی تھکاوٹ دور نہیں ہوئی تھی کہ اس دورے کے ثمرات آنے شروع ہو گئے۔
شیخ رشید نے کہا کہ جو لوگ مولانا فضل الرحمٰن کے پاس گئے ان کی کھنچائی ہوئی ہے، مسلم لیگ نون کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس کی ذمہ دار مریم نواز ہیں، جو جتنا بڑا چیخا، اس کے چیخنے کا وقت شروع ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے میں 70 لاکھ مسافروں کا اضافہ ہوا ہے، منگل سے سندھ کے دورے پر جا رہا ہوں، کراچی اور لاہور میں 2 نئی واشنگ لائنز بنا رہے ہیں۔
وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے یہ بھی کہا کہ واشنگ لائنز کی حالت بدلنا چاہتا ہوں، مسافر سیفٹی کے ساتھ صفائی بھی مانگتے ہیں۔