سائنس دان ہر کام کوآسانی سے انجام دینے کے لیے مختلف طر ح کے روبوٹس تیا رکررہے ہیں ۔گزشتہ دنوں میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ کے ماہر ڈاکٹر میٹن سٹی اور ان کی ٹیم نے ایک چھوٹا’’ جیلی فش ‘‘روبوٹ تیار کیا ہے ۔یہ روبوٹ اشیاء کو ایک جگہ سے دوسرے جگہ لے جانے ،مائعات کو ملانےا ور خود کو دفنانے کا کام بھی کرتا ہے۔تار کے بغیر کام کرنے والے اس روبوٹ کی جسامت 5 ملی میٹر ہے ۔ جرمنی کے ماہرین نےیہ روبوٹ ایک عام جیلی فش کے بچوں سے متاثر ہوکر بنایا ہے ۔ بہت ہی چھوٹا اور سادہ ساخت ہونے کے باوجود یہ بہت سارے کام انجام دے سکتا ہے ۔اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ مائعات کے بہائو کو کنٹرول کرتے ہوئے پیچیدہ عمل انجام دیتا ہے ۔جیلی فش سمندروں میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ماہرین کوشش کررہے ہیں کہ وہ اس کے ذریعے سمندروں کی بدلتی ہوئی کیفیات ،آلودگی ،درجہ ٔ حرارت اور دیگر کیفیات میں اس مخلوق کا بر تائو اور دیگر صلاحیتوں کو سمجھ سکیں ۔ماہرین کے مطابق جیلی فش روبوٹ کو کنٹرول کرنے اور چلانے کے لیے اس پر مقناطیسی ذرات نصب کیے گئے ہیں جو کہ بیرونی مقناطیسی میدان کے زیر اثر تھرتھراتے بھی ہیں ۔ا گلے مر حلے میں اسے انسانی جسم میں داخل ہونے کے قابل بنایا جائے گا ،جہاں یہ دوائیں پہنچانے کاکام بھی کرسکیں گے۔