• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گاہے بگاہے ہم گارڈننگ، لینڈ اسکیپنگ اور ان سے جڑے ہر پہلو پر معلوماتی مضامین شائع کرتے رہتے ہیں، جن سے کئی قارئین مستفید بھی ہوتے ہیں۔ اگر آپ اپنے لیے باغبانی کاسامان کرچکے ہیں یا اپنے گارڈن کو سنوار اور نکھار چکے ہیں تو اس میں خوبصورت اور آرام دہ بنچیں لگانے کے بارے میں بھی سوچنا چاہئے۔ یہ بنچیں کئی اقسام، مٹیریل اور اسٹائل میں دستیاب ہوتی ہیں۔ اپنے گارڈن اسٹائل یا مزاج کےمطابق بنچوں کا دانشمندانہ انتخاب آپ کے گارڈن کو چار چاند لگا سکتا ہے۔

آپ کو اپنے گھر کے باغیچے یا صحن میں کچھ وقت گزارنا، اخبار پڑھنا یا چائے کے گھونٹ بھرنا تو پسند ہوگا ہی، تاہم اس کیلئے اچھی نشست کا انتظام آپ کے اس عمل کو اور بھی آرام دہ بنا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ باغیچے کے اور بھی مقاصد ہوتے ہیں، کچھ لوگ یہاں مطالعہ بھی کرتے ہیں، کچھ یوگا کرتے ہیں یا پھر گھر کے افراد کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔ آئیں جانتے ہیں کہ گارڈن بنچوں کی مختلف اقسام کونسی ہیں۔

لکڑی کی بنچیں

باغیچے میں بیٹھنے کیلئے لکڑی کی بنچیں بہترین انتخاب ہوتی ہیں، جس سے ایک بہترین امتزاج سامنے آتا ہے۔ بہترین کوالٹی والی لکڑی سے بنی بنچیں آرام دہ، پائیدار اور ماحول دوست ہوتی ہیں۔ دیودار یا چیڑ کی لکڑی کی بنچیں مضبوط مگر قدرے مہنگی ہوتی ہیں۔  اگر انہیں پینٹ نہ کیا جائے تو وقت کے ساتھ ساتھ ان کارنگ خاکستری ہوتا چلا جاتاہے۔ اگر ان کی عمدگی سے دیکھ بھال کی جائے تو یہ سالہا سال آپ کیلئے نشست کا اہتمام کئے رہیں گی۔

اسی طرح آئوٹ ڈور فرنیچر بشمول گارڈن بنچوں کیلئے ساگو کی لکڑی بہترین رہتی ہے اور یہ ماحول کی سختیاں50سال تک برداشت کرسکتی ہے۔ اسی خصوصیت کی وجہ سے یہ لکڑی بہت مہنگی ہوتی ہے۔ اس کے سرخ رنگ کو برقرار رکھنے کیلئے اس پر سال میں ایک دو بار پالش کروانی پڑتی ہے۔

دھات کی بنچیں

اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ لکڑی کی بنچیں آپ کے باغیچے کیلئے مناسب نہیں ہیں تو آپ دھات سے بنی بنچوں کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں۔ تاہم دھاتی بنچیں خریدنے سے پہلے اس بات کی یقین دہانی کرلیں کہ آیا یہ بنچیں دھوپ اور بارش جیسے سخت موسم کو برداشت کرپائیںگی یا نہیں؟

المونیم سے بنی بنچیں بہت ہلکی ہوتی ہیں اور انہیں بآسانی ادھر سے ادھر حرکت د ی جاسکتی ہے لیکن یہ بہت زیادہ پائیدار نہیں ہوتیں اور موسم کی سختیوں کو زیادہ دیرنہیں جھیل سکتیں۔ کاسٹ المونیم گارڈن بنچیں بھاری اور زیادہ پائیدار ہوتی ہیں۔ یہ بہت خوبصورت ڈیزائن میں دستیاب ہوتی ہیں اور باغیچے میں لگی اچھی دکھائی دیتی ہیں۔ یہ بنچیں نرم المونیم کے مقابلے میں قدرے مہنگی ہوتی ہیں۔

لوہے سے بنی بنچیں بہت بھاری، پائیدار اور سخت موسموں کی عمدہ مزاحم ہوتی ہیں۔ اس قسم کی بنچیں آ پ کو ملکہ وکٹوریہ کے زمانے کی یاد بھی دلاسکتی ہیں۔ اگر آپ اپنے باغیچے کو ونٹیج لُک دینا چاہتے ہیں تو لوہے کی زنگ والے رنگ (رسٹک کلر) کی بنچیں اسے مزید پرکشش بنا دیں گی اور آپ خود بھی اپنے ذوق کی داد دیے بنا نہیں رہ پائیںگے۔ اس کے علاوہ پرانی دھاتوں سے بنی اسٹائلش اور فینسی بنچیں بھی گارڈن کی رونق بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

بید سے بنی بنچیں

بید سے بنی بنچیں ہلکی پھلکی، موسموں کی سختی جھیلنے والی، واٹر پروف اور الٹراوائلٹ شعاعوں کے خلاف مزاحم ہوتی ہیں۔ گھر کے بیرونی حصے کیلئے تو یہ بہترین انتخاب ثابت ہوتی ہیں ۔ انہیں صاف کرنا بھی بہت آسان ہو تاہے، سب سے بڑھ کر یہ بہت آرام دہ اور دلکش اسٹائلز میں دستیاب ہوتی ہیں۔ یہ آپ کے باغیچے کی دلکشی اور کشش میں اضافہ کرتی ہیں۔

پلاسٹک کی بنچیں

پلاسٹک سے بنی گارڈن بنچیں کفایتی، ہلکی، پائیدار، دیکھ بھال سے آزاد اور ماحول دوست ہوتی ہیں۔ یہ آسانی سے ٹوٹتی نہیں ہیں، واٹر پروف اورمختلف رنگوں میں دستیاب ہوتی ہیں۔ بچوں کیلئے یہ بہت محفوظ ہوتی ہیں، پائیدار ہونے کے ساتھ ساتھ یہ آپ کی قوتِ خرید میں بھی ہوتی ہیں ۔ تاہم پلاسٹک بنچیں آپ کے باغیچے میں کوئی دلکشی پیدا نہیں کرتی ہیں۔

کنکریٹ کی بنچیں

کنکریٹ سے بنی بنچیں بہت مضبوط اور موسم کی سختیاں جھیلنے والی ہوتی ہیں۔ یہ کئی عمدہ ڈیزائنز میں ڈھالی جا سکتی ہیں اور ان کی دیکھ بھال کیلئے بھی بہت کم کوششیں کرنی پڑتی ہیں۔ آپ انہیں اپنی مرضی سے بھی بنواسکتے ہیں، یعنی اپنے باغیچے کی نوعیت کے لحاظ سے آپ اپنی پسند کا ڈیزائن منتخب کریں اور پھر اسے کسی اچھے کاریگر سے بنوالیں۔

بنچوں کے مختلف انداز

آپ درج بالا مٹیریلز میں سے کسی کا بھی انتخاب کریں، آپ کو بنچ کے لیے کچھ ڈیزائن بھی منتخب کرنے ہوں گے، جیسے سیدھی بنچ، گول گارڈن بنچ، محرابی، بیضوی، بغیر بیک والی بنچ وغیرہ۔ اس کے علاوہ درخت کو چاروں طرف سے گھیرنے والی بنچوں کے ڈیزائنز بھی آپ کو اکثر نظر آئیں گے۔ اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ بنچ کے لیے اپنے بجٹ اور ذوق کے مطابق کونسا مٹیریل اور انداز پسند کرتے ہیں۔

تازہ ترین