آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعہ 21؍ ذوالحجہ 1440ھ23؍اگست 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ہمارے ہاں تقریباً سبھی کھانے پینے کے خاصے شوقین ہیں۔برصغیر میں گوشت کے پکوان مغل دور سے ہی پسند کیے جاتے ہیں۔شادی ہو یا دعوت مختلف گوشت سے بنے پکوانوں کو ترجیح دی جاتی ہے۔دنبےکا لذیذ گوشت بھی خوب پسند کیا جاتا ہے۔ اب جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ عید الاضحٰی آنے میں چند ہی روز باقی ہیں۔ دنبے کی قربانی بھی کی جائے گی۔گوشت قرابت داروں اور غرباء میں تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ گھر میں بھی پکایا اور کھایا جائے گا۔دنبے کا گوشت بہت ہی لذیذ ہوتا ہے اور اس سے کئی طرح کے مزے مزے کے پکوان بنائے جاتے ہیں۔یہ گوشت ذائقہ دار ہونے کے ساتھ ساتھ صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے اس کو مناسب مقدار میں کھانا صحت مند رکھتا ہے۔یہ آئرن کی کمی پوری کرنے کے ساتھ ساتھ ایمیونٹی بھی بڑھاتا ہے۔اس عید پر دنبے کے گوشت سے بنے لذیذ پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے چند تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔

سمو کڈ لیمب جوش

اجزاء۔

دنبے کا گوشت ۔1کلو

دہی ۔کپ

تیل۔حسبِ ضرورت

پیاز(براؤن کر لیں)۔ دو عدد

لہسن، ادرک پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

کریم۔1 کپ

بادام پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ

نمک ۔حسبِ ذائقہ

لال مرچ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

ہلدی پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

زیرہ پاؤڈر ۔ایک چائے کا چمچ

لونگ ۔چار عدد

جائفل۔ تھوڑا سا

الائچی۔ 3-4عدد

گرم مصالحہ پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

ترکیب۔

پتیلی میں تیل گرم کر کے اس میں گوشت، لہسن، ادرک پیسٹ، کریم، بادام پیسٹ، نمک، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر، لونگ ، جائفل ، الائچی، گرم مصالحہ پاؤڈر اور دو کپ پانی ڈال کر گوشت گلنے تک پکائیں۔ اب دہی اور پیاز کو گرائنڈکر کے اس میں شامل کر یں گوشت کو بھونیں۔ جب تیل اوپر آجائے تو کوئلہ کا دھواں دے دیں۔ مزیدار سموکڈلیمب جوش تیارہے سرونگ ڈش میں نکال کر شیرمال کے ساتھ گرم گرم سرو کر یں۔

سوڈانی لیمب کباب

اجزاء۔

دنبے کا قیمہ۔ 1 کلو

کالی مرچیں۔ کُٹی ہوئی 1 کھانے کا چمچ

انڈے (پھینٹ لیں)۔ 2 عدد

دہی۔ 2 کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

دھنیا پاؤڈر۔ 2 چائے کے چمچ

زیرہ۔ 1 کھانے کا چمچ

گرم مصالحہ پاؤڈر۔ 2/1کھانے کا چمچ

ہری مرچیں (چوپ کرلیں)۔ 4 عدد

تیل۔ فرائنگ کیلئے

ترکیب۔

چوپر میں قیمہ، کالی مرچیں، انڈے، نمک،دھنیا پاؤڈر،زیرہ،گرم مصالحہ پاؤڈر اور ہری مرچیں ڈال کر چوپ کر کے پیالے میں نکال لیں۔اس میں دہی بھی مکس کر کے ایک گھنٹہ کیلئے فریج میں رکھ دیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کریں اور قیمہ کے بیضوی،لمبے یا کسی بھی شیپ میں کباب بنا کر فرائی کریں۔گولڈن براؤن ہونے پر نکال لیں اور سوس کے ساتھ پیش کریں۔

لیمب چلی فرائی

اجزاء۔

تیل ۔حسبِ ضرورت

لہسن کے جوے۔دس عدد

ہلدی۔ایک چائے کا چمچ

پیاز ۔چار عدد (کٹی ہوئی)

لیمب گوشت۔آدھا کلو (بوٹیاں ٹکڑوں میں کٹی ہوئی)

لیموں کا رس۔ایک عدد

سرخ مرچ۔بیس عدد(ثابت)

ادرک۔چار انچ(کٹا ہوا)

دہی۔سواکپ

تازہ دھنیا۔ایک کھانے کا چمچ(کٹا ہوا)

ترکیب۔

ایک کھانے کا چمچ تیل گرم کریں اور ثابت لال مرچ فرائی کرکے نکال کر رکھ دیں۔اب اسی پین میں تھوڑا تیل مزید شامل کر یں اور علیحٰدہ علیحدہ ثابت دھنیا ،لہسن اور ادرک فرائی کرلیں۔اب بقیہ تیل ڈال کر پیاز کو سنہرا کرلیں اور نکال کر رکھ دیں۔پھر دارچینی ، لونگ اور بڑی الائچی ڈال کر ایک منٹ کے لئےفرائی کریں۔گوشت میں ہلدی اور نمک ڈال کر ڈھک دیں اور آدھے گھنٹے کے لئے پکنے دیں۔یہاں تک کہ آدھا گل جائے۔پانی کا چھینٹا دیں کراسے پکاتے رہیں۔اب اس میں دہی ،لیموں کا رس،فرائی کئے ہوئے مصالحے سب ملا دیں۔تھوڑا سا پانی ڈال کر دوبارہ پکائیں۔جب گل جائے تو ہرے دھنیے کے ساتھ گارنش کر لیں۔چاول ،چپاتی اور سبزیوں کے ساتھ پیش کریں۔

لائم اینڈ منٹ لیمب

اجزاء۔

زیتون کا تیل۔آدھا کپ(ایک سوپچیس ملی لیٹر)

لہسن کچلا ہوا۔دو جوے

لیموں کا رس۔دو کھانے کے چمچ

تازہ پودینہ۔دو کھانے کے چمچ (کتر لیں)

لیموں کا چھلکا۔دو چائے کے چمچ(کش کرلیں)

لیمب چاپس۔آٹھ عدد

اجزاء برائے واٹر میلن اینڈ مینگو سالسہ۔

تربوز۔ایک کلو(کیوب کر لیں)

ہری مرچ۔دو عدد (کتر لیں)

لیموں کا چھلکا۔دو کھانے کے چمچ(کش کرلیں)

سرکہ ۔آدھا کپ

چھوٹے آم۔تین عدد(کیوبز کرلیں)

تازہ ہرا دھنیا ۔ایک چوتھائی کپ(کتر لیں)

ترکیب۔

سالسہ کی تیاری۔

تمام اشیاء کو ایک بڑےپیالے میں احتیاط سے مکس کرلیںاور ڈھک دیں۔پھر تین گھنٹے کے لیے ریفریجریٹر میں رکھ دیں۔

ترکیب۔

ایک درمیانے برتن میں تیل،لہسن،لیموں کا چھلکا،لیموں کا رس اور پودینہ آپس میں مکس کرلیں۔پھر اس میں لیمب چاپس ڈال کر مکس کرلیں۔اچھی طرح مکس ہونے چاہیے اسے ڈھک کر کم ازکم چار گھنٹے یا ایک رات کیلئے ریفریجریٹر میں رکھ دیں۔ پکانے کے لیے لیمب چاپس نکالیں۔اب گرم باربی کیو کی سیخوں پر تیل لگا کر پکائیں۔ دونوں طرف سے چاپس براؤن اور خستہ ہو جائیں تو اتار لیں۔واٹرمیلن اور مینگو سالسہ کے ساتھ پیش کریں۔

سعودی کبسہ

اجزاء۔

دنبے کا گوشت۔آدھا کلو

چاول۔آدھا کلو

کٹی شملہ مرچ۔ایک عدد

کٹی گاجر۔دو عدد

کٹی پیاز۔دو عدد

ٹماٹر۔چار عدد

تیل۔آدھا کپ

چلغوزے۔ایک چوتھائی کپ

نمک۔ایک چائے کا چمچ

باریک کٹا لہسن۔ایک کھانے کا چمچ

کُٹا سفید زیرہ۔آدھا چائے کا چمچ

کُٹا دھنیا۔آدھا چائے کا چمچ

کالی مرچ۔آدھا چائے کا چمچ

(اسپائس مکس کے اجزا ء)

زعفران۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

پسی ہری الائچی۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

پسی دار چینی۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

گرم مصالحہ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

سفید مرچ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

(سوس کے اجزاء)۔

اسٹاک کیوبز۔آدھا

ٹماٹر۔ایک کپ

پانی۔ایک کپ

کٹی پیاز۔آدھا کپ

باریک کٹا لہسن۔ایک چائے کا چمچ

ٹماٹر کا پیسٹ۔ایک چائے کا چمچ

مکھن۔ایک کھانے کا چمچ

نمک۔آدھا چائے کا چمچ

کالی مرچ۔آدھا چائے کا چمچ

ترکیب۔

ایک برتن میں تیل گرم کریں۔

اس میں دنبے کا گوشت ڈال کر دس منٹ تک بھونیں کہ گولڈ براؤن ہو جائے۔

اب اس میں چار کپ پانی ڈالیں اور ڈھک کر پنتالیس منٹ پکائیں۔ یہاں تک کہ گوشت گل جائے۔

اب یخنی کو نکال کر علیحٰدہ رکھ دیں۔

چاول کو پانی میں پندرہ منٹ کے لیے بھگو دیں۔

ایک برتن میں مکھن ڈال کر گرم کریں۔ اس میں باریک کٹا لہسن، کٹی پیاز، کٹی گاجر، کٹی شملہ مرچ، ایک چمچ نمک، کالی مرچ، کُٹا سفید زیرہ اور کُٹا دھنیا شامل کریں۔

ساتھ ہی اس میں چار پسے ٹماٹر اور کبسہ اسپائس بھی ڈال دیں۔

اچھی طرح مکس کریں اور پانچ منٹ تک پکائیں۔

اب اس میں بھیگے ہوئے چاول، اُبلا ہوا گوشت اور یخنی شامل کر کے ڈھک کر درمیانی آنچ پر پندرہ منٹ پکائیں، یہاں تک کہ چاول گل جائیں۔

(سوس بنانے کی ترکیب)

ایک برتن میں مکھن ڈال کر گرم کریں۔

اس میں کٹی پیاز، باریک کٹا لہسن اور ایک کپ ٹماٹر ڈال کر فرائی کریں۔ساتھ ہی اس میں ٹماٹر کا پیسٹ، نمک، کالی مرچ، آدھا اسٹاک کیوبز اور ایک کپ پانی ڈال کر درمیانی آنچ پر گاڑھا ہو جانے تک پکائیں۔

(پیش کرنے کے لیے)

ایک بڑی پلیٹ میں تیار شدہ چاول ڈالیں، گوشت ڈالیں، چلغوزے ڈال کر سجائیں اور تیار شدہ سوس کے ساتھ پیش کریں۔

اناطولین لیمب کباب

اجزاء ۔

میرینیشن کے لیے:

لیمب شولڈر۔ نو سو گرام (چھوٹی چھوٹی بوٹیاں)

پیاز ۔دو عدد (چھیل لیں)

لہسن کے جوے ۔دو عدد (کوٹ لیں)

زیرہ ۔دو چائے کے چمچ (کوٹ لیں)

نمک ۔حسبِ ذائقہ

چپاتی کے لیے:

میدہ ۔دو سو پچیس گرام

گندم کا آٹا۔ پچاس گرام

نمک ۔حسبِ ذائقہ

نیم گرم پانی ۔حسبِ ضرورت

سرونگ کے لیے:

پیاز۔ دو عدد (باریک سلائس کاٹ لیں)

ہرا دھنیا ۔دو کھانے کے چمچ (چوپ کیا ہوا)

لیموں ۔تین سے چار عدد (چار چار ٹکڑے کر لیں)

ترکیب۔

میرینیشن کے لیے:پیاز کو ایک پیالے میں کدوکش کرلیں اور اس پر نمک ڈال کر ڈھک دیں اور دس منٹ کے لیے رکھ دیں۔

اب اس کو ایک چھلنی میں ڈال کر ہاتھ سے دبائیں تاکہ پیاز کا تمام عرق نکل جائے۔

اس عرق میں زیرہ اور لہسن ڈال کر مِکس کریں اور گوشت پر لگا کر کم از کم دو سے تین گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

چپاتی کے لیے:اس دوران میدہ اور گندم کا آٹا چھان لیں اور اس میں نمک ڈال کر نیم گرم پانی کی مدد سے گوندھ لیں۔

اس گوندھے ہوئے آٹے کے چوبیس چھوٹے پیڑے بنالیں۔

نم کپڑے سے ڈھک کر تیس منٹ کے لیے رکھ دیں۔

کوئلے دہکالیں۔

اس دوران آٹے کے پیڑوں کو باریک پتلی، گول روٹی کی شکل میں بیل لیں۔

ایک کے اُوپر دوسری روٹی رکھنے سے پہلے تھوڑا آٹا چھڑک لیں تاکہ یہ ایک دوسرے سے چپکنے سے محفوظ رہیں۔

دوبارہ نم کپڑے سے ڈھک کر رکھ دیں۔

بوٹیوں کو سیخوں میں پرودیں اور دہکتے ہوئے کوئلوں پر گَل جانے تک پکائیں۔

ضرورت پڑنے پر پلٹتے رہیں اس دوران گرم توے پر روٹیاں ایک ایک کرکے سینک لیں۔

اِن پکی ہوئی روٹیوں پر سیخوں سے بوٹیاں اُتار کر رکھیں۔

سرونگ کے لیے:اب ہر روٹی کے اُوپر تھوڑی پیاز اور تھوڑا ہرا دھنیا ڈال کر لیموں کا رس چھڑک کر رول کرکے پارسل بنائیں اور سرو کریں۔

کھانا خزانہ سے مزید
ویڈیو رپورٹس سے مزید