پاکستان قونصلیٹ کے ویلفیئر قونصلرماجد میمن نے عظیم سماجی شخصیت مرحوم عبدالستار ایدھی کو ان کی سماجی خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری شاندار روایت ہے کہ ہم اپنے ہیروز کو یاد رکھتےہیں ۔انہوں نے اپنی ذات کی نفی کرتے ہوئے اپنے آپ کو انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کا ادارہ انسانیت کے فلاح و بہبود کے عالمی اداروں کے برابر آ گیا اور ان کی خدمات کو دنیا بھر میں سراہا جانے لگا ۔ ایدھی کی نیک نامی کی وجہ سے عوام آنکھیں بند کر کے ادارے کی مالی امداد میں حصہ لیتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عظیم سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی تیسری برسی پر میمن ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کی صدارت عادل دھلوی نے کی۔ ماجد میمن نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ایک عظیم کام ہے ہم سب کا فرض ہے کہ اپنی استطاعت کے مطابق اس کام میں حصہ لیں۔میمن سوسائٹی کے صدر عرفان کولسا والا نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کا مذہب انسانیت کی بے لوث خدمت تھا جسے پوری دنیا نے تسلیم کیا وہ صرف پاکستان ہی میں نہیں دنیا میں جہاں بھی خدمات کی ضرورت ہوتی وہ وہاں موجود ہوتے۔ انہوں نے سوسائٹی کے فلاحی کاموں پر بھی روشنی ڈالی ۔ سوسائٹی کے سیکریٹری جنرل طیب موسانی نے کہا کہ اس دور میں ایدھی جیسے لوگ پیدا نہیں ہوسکتے۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اس موقعے پر سوسائٹی کے سرپرست محمد بدیعہ نے سالانہ عبدالستار ایدھی ایوارڈ اس سال طیب موسانی کو ان کی میمن کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے کی جانے والی خدمات کو پیش نظر اداکیا۔
شعیب سکندر نے عبدالستار ایدھی کے ہمراہ گزارے ہوئے دس سال کے مشاہدات بیان کئے۔ تقریب سے عادل دھلوی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ، انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور جدہ میمن ویلفیئر سوسائٹی کا تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔تقریب سے اشفاق بدایونی نے پرجوش خطاب میں عبدالستار ایدھی کی خدمات کو سراہا۔ عالمی اردو مرکز کے صدر اور معروف شاعر اطہر عباسی نے منظوم کلام پیش کیا۔ نظامت کے فرائض محمد اسماعیل نے ادا کیے جبکہ تلاوت کلام پاک کرنے کا اعزاز حافظ محمد مکی نے حاصل کیا۔ نعت شریف بحضور سرور کونین ﷺ احمد عرفان کولساوالا نے پیش کی۔