• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسکول بحرین کا فیڈرل بورڈ کے امتحانات میں شاندار نتیجہ

احمد امیر پاشا، منامہ،بحرین

پاکستان اسکول بحرین کے طلبہ و طالبات نے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی فیڈرل بورڈ اسلام آباد کے ایس ایس سیII کے امتحان منعقدہ مارچ 2019ء میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا اپنے شاندار نتائج سے منوالیا ہے۔ اس شاندار نتیجے میں طلبہ و طالبات کی کامیابی کی مجموعی شرح 81.14 رہی۔سائنس گروپ کی طالبہ حبیبہ بابر نے 94 فیصد نمبر حاصل کر کےا سکول میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس شاندار نتیجے میں طلبہ و طالبات کی امتیازی نمبروں میں کامیابی کا تناسب بھی قابل تعریف رہا۔22 طلبہ نے +A اور اتنے ہی طلبہ نے A گریڈ کے ساتھ کامیابی حاصل کی جبکہ 30 طلبہ نے B گریڈ میں کامیابی حاصل کی۔ اس سال کے نتیجے میں بھی اعلی نمبر حاصل کرنے کا رحجان طلبہ کی نسبت طالبات میں زیادہ رہا۔مجموعی طور پر طالبات میں کامیابی کا تناسب 90 فیصد رہا جبکہ سائنس گروپ میں کامیابی کی شرح 91 فیصد رہی۔آرٹس کے طلبہ و طالبات کی کامیابی کی شرح 80 فیصد رہی جو کہ قابل تعریف ہے۔

پرنسپل پاکستان اسکول بحرین عتیق الرحمن اور چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ سمیع الرحمان نے اس شاندار نتیجے پر طلبہ، اساتذہ اور والدین کو ان کی توجہ اور مسلسل محنت پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی شاندار کارکردگی اور لگن کی پر زور الفاظ میں تعریف کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کامیاب طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے اسکول خصوصی تقریب منعقد کرے گا ،جس میں ان کو اور ان کے اساتذہ والدین کو اس کامیابی پر شایان شان انداز میں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ اس شاندار نتیجے پر چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ سمیع الرحمان نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اسکول میں جاری تعلیمی عمل کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان عمدہ نتائج پر طلبہ کو وظائف اور انعامات دیے جائیں گے۔

تازہ ترین