• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے زیر اہتمام صوبہ کاتالونیا کے دارا لحکومت بارسلونا میں تیسرے سالانہ ایشیاء ٹی 20 کرکٹ کپ 2019کی ٹرافی اور یونیفارم کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی جس میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض ملک عمران نے ادا کئے۔

ایشیاء کرکٹ کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کپتانوں نے اپنی اپنی یونیفارم حاصل کی اور میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس سال کی ٹرافی وہ جیتیں گے۔

کپتانوں کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے ذریعے ہم مقامی کمیونٹی کو اپنا مثبت چہرہ دکھا سکتے ہیں اور دوسرے ممالک میں رہتے ہوئے ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد ایشیائی ممالک کے درمیان اتفاق و اتحاد کی فضاء قائم کر نے میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے۔

ایشیاء کپ کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے صدر مرزا بشارت، انٹرنیشنل ریفری ملک عدنان اور عمران ملک نے دن رات محنت کی ہے۔ ایشیاء کپ دو دن جاری رہے گا۔

اس موقع پر ایشیاء کپ کی ٹرافی چاروں کپتانوں نے اپنے ہاتھوں میں بلند کرتے ہوئے حاضرین سے وعدہ لیا کہ وہ ایشیاء کپ کو کامیاب بنانے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے گراؤنڈ میں اپنی فیملیز کے ساتھ تشریف لائیں گے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بارسلونا کو فٹ بال کا گھر کہا جاتا ہے لیکن اسپین میں مقیم ایشیائی کمیونٹی نے یہاں کے میدانوں کو کرکٹ سے آباد کرکے ثابت کیا ہے کہ کرکٹ ایک دلچسپ کھیل ہے۔

یاد رہے کہ بارسلونا میں پہلے دو ایشیاء کرکٹ کپ ہو چکے ہیں اور وہ دونوں کپ پاکستان نے جیتے تھے۔

یونیفارمز اور ٹرافی کی تقریب رونمائی کے اختتام پر حاضرین کے لئے محفل موسیقی کا اہتمام کیا گیا جس میں قدیر احمد خان اور سعید حیدری نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

ایشیاءکپ 2019کے انتظامی امور سنبھالنے کے لئے چاچا رشید، ذوالفقار علی، میاں دانش، شاہد لطیف گجر، عدیل احمد، نعیم بھٹی، ولید بھائی اور کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے عہدیداران کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

ایشیاء ٹی 20 کرکٹ کپ 2019 میں اس سال پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

تازہ ترین