دیگر فن کاروں کی طرح اداکارہ عائشہ عُمر نے بھی جشنِ آزادی کا دِن بڑے ہی جوش وخروش کے ساتھ منایا۔
جہاں دیگر فن کاروں نے یومِ آزادی دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ منایا تو وہیں گلوکار و اداکارہ عائشہ عُمر نے جشن آزادی پاکستان کو ’ادارہ الخیر‘ کے طلبہ وطالبات کے ساتھ منایا۔
عائشہ عُمر نے اپنے انسٹاگرام پر ایک خوبصورت سبز رنگ کے لباس میں تصاویر اور ویڈیو شیئر کیں، جس میں ان کے وہ حسین لمحات ہیں، جو انہوں نے’ادارہ الخیر‘ کے طلباء کے ساتھ گزارے۔
عائشہ عُمر نے اپنے ویڈیو پیغام میں سب سے پہلے سب کو جشنِ آزادی کی مبارک باد دی، اس کے بعد انہوں نے اپنی زندگی کا ذاتی حصہ شیئر کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ جس اسکول کے ساتھ یومِ آزادی کا جشن منائیں گی، یہ اسکول ’ادارہ الخیر‘ کا اسکول ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس اسکول سے میرا نو سےدس سال پُرانا رشتہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دس سال پہلے جب میں ایک نجی چینل پرمارننگ شو کی میزبانی کرتی تھی تو اسی دوران پہلی بار میں نے اس ادارے کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد میرا اس ادارے سے اور یہاں کے لوگوں سےدِل کا رشتہ بن گیا۔
عائشہ عُمر نے ادارے میں داخل ہونے کے بعد سب سے پہلے ادارے کے صدر مظاہر شیخ سے ملاقات کی اور پھر طلباء کے ساتھ مل کر جشن کی تیاری کا آغاز کیا۔
انہوں نے طلباء کے ساتھ مل کر ادارے کی دیوار وںپر پینٹنگ کی، دیواروں پر سبز اور سفید رنگ سے چاند ستارے بنائے، اس کے بعد ادارے کے مین گیٹ کو بھی سبز اور سفید رنگ سے رنگ دیا۔
سجاوٹ اور پینٹنگ کا کام ختم کرنے کے بعد عائشہ عُمر نے تمام طلباء اور ادارے کے لوگوں کے ساتھ قومی ترانہ پڑھا اور پھر طلباء کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔
خیال رہے کہ ’ادارہ الخیر‘ ایک ایسا ادارہ جہاں غریب اور ضرورت مند بچوں کو تعلیم کے ساتھ ہُنر بھی سیکھایا جاتا ہے، اس ادارے کے اب تک آٹھ اسکولز ہیں اور ا س کے علاوہ کالجز بھی ہیں۔
واضح رہے کہ عائشہ عُمر نے جشنِ آزادی کے دِن سوشل میڈیا پر اپنا ایک اور ویڈیو پیغام جاری کیا تھا، جس میں انہوں نےکہا کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں جو ایک آزاد ملک میں اپنی مرضی سے زندگی گزار رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے اہلیانِ مقبوضہ کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمارے کشمیری بہن بھائی بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق صرف کشمیریوں کو ہی ہے۔
آخر میں انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہ وہ دِن بہت جلد آئے جب میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو جشنِ آزادی کی مبارک باد دوں گی۔