• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ کا 50 سال بعد کشمیر پر اجلاس کامیابی ہے: گورنر سندھ


گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ گھمبیر صورتِ حال اختیار کر گیا ہے، اقوام متحدہ نے 50 سال بعد کشمیر پر اجلاس کیا، یہ ایک کامیابی ہے۔

جامشورو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ سندھ اسمبلی ملک اسد سکندر کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وہ تمام جماعتیں جن کے خلاف کیسز ہیں، ان کا حق ہے کہ وہ نیب کے خلاف جائیں اور جو مرضی چاہے کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اکثر ملاقات ہوتی ہے، وفاق سے وزیرِ اعلیٰ کو جو مدد چاہیے ہوگی اس کے لیے میں وزیر اعظم عمران خان سے بات کروں گا۔

عمران اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ میری خواہش ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ کی وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات ہو، میں مراد علی شاہ کو دعوت دیتا ہوں کہ اب وزیرِ اعظم کراچی آئیں تو وہ ان سے ملاقات کریں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گزارش کروں گا کہ وہ مہنگائی کے حوالے سے اقدامات کروائیں، عوام پریشان ہیں۔

تازہ ترین