• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ماحول کی بہتری کیلئے سندھ حکومت کا ساتھ دیں‘


مرتضیٰ وہاب کا جامعہ کراچی میں سیمینار سے خطاب 


وزیر اعلی سندھ کے مشیر ماحولیات و قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ماحول کو بہتر بنانے کے لیے عوام کو سندھ حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔

مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے جامعہ کراچی بزنس اسکول آڈیٹوریم میں ماحولیاتی آگاہی اور شجرکاری کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں شرکت کی۔

مرتضی وہاب نے بطور مہمان خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے دوچار ہے جسکی کئی وجوہات ہیں، ہم سسٹم نہیں بدل سکتے مگر خود کو تبدیل کرنے کا عہد کرکے مسائل خود حل کر سکتے ہیں، ضرورت قوانین پر عملدرآمد کرنے کی ہے، عوام کو درپیش مسائل کے پیش نظر سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ شجر کاری کے تحت لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بنائیں گے جس میں عوام کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کردی گئی ہے جسکے متبادل کاٹن بیگز استعمال کئے جائیں جس پر 1 اکتوبر سے عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ سیوریج کا نظام ٹھیک ہوسکے.

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کئی جامعات سے شکایات آتی ہیں جن پر موصوف عدالت چلے جاتے ہیں اور اسٹے آرڈر لے لیتے ہیں، عدالتوں کو بھی سندھ حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کو استحقاق اور پاکستان کا آئین فیصلے کرنے کی اجازت دیتا ہے اگر وزیراعظم پاکستان کے آئین کے مطابق فیصلہ کریں گے تو سندھ حکومت ان کے ساتھ ہے، مئیر کراچی نے پچھلے تین سالوں میں کچھ نہیں کیا وہ فوٹو سیشن اور مگر مچھ کو آنسو بہانے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے، سندھ حکومت یہ فیصلہ کر چکی ہے کہ میئر کراچی اگر مسائل حل نہیں کرسکیں گے تو وہ مسائل سندھ حکومت حل کرے گی۔

سیمینار سے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد محمود عراقی اور پروفیسر ڈاکٹر اعظم علی نے بھی خطاب کیا جبکہ سیمینار میں دیگر پروفیسرز اور طلباءکی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تازہ ترین