• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش کے بعد لیاری کا سیوریج نظام ناکارہ، کئی علاقے نالے کا منظر پیش کرنے لگے

کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد لیاری کے کئی علاقوں کاسیوریج نظام ناکارہ ہوگیا ، واٹر اینڈ سیوریج بوڑڈ کے افسران اور عملہ غائب ، بلدیاتی نمائندے بھی نمائشی اقدامات میں مصروف، واٹر بورڈ کی گاڑیاں فراہم نہ کی جاسکیں ، حکمرانوں کے صفائی مہم کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ،کئی علاقے گندے نالے کا منظر پیش کرنےلگے، مچھروں کی بہتات، علاقے میں بیماریاں پھوٹ پڑیں، متعدد افراد ڈینگی، ملیریا ، ڈائریا اور جلدی امراض میں مبتلا ہوگئے، وفاقی اور صوبائی حکومتی عہدیدارن پوائنٹ اسکورنگ میں مصروف ، بلدیاتی نمائندوں کے بعدوفاقی حکومت کی جانب سے بھی لیاری میں صفائی مہم صرف پکچر نالے کی صفائی کے نمائشی اقدامات تک محدود ،علاقہ مکینوں کا وزیراعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات ، میئر کراچی اور وفاقی حکومت سے لیاری میں ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرنے کا مطالبہ ، آگرہ تاج کالونی ، بہار کالونی،شاہ عبدالطیف بھٹائی روڈ،دریا آباد، کھڈہ مارکیٹ، پھول پتی لین ، ٹینری روڈ سمیت کئی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی تاحال موجود ،سیوریج کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اور سندھ حکومت صفائی مہم کے دعوے کررہی ہے تاہم لیاری کے مکین شدید اذیت کا شکار ہیں ۔ آگرہ تاج کے علاقے نورانی مسجد روڈ، تاج مسجد روڈ، شاہ عبدالطیف بھٹائی روڈ پر جگہ جگہ گٹر کا گندا پانی موجود ہے، مساجد اور اسکولز جانے کے راستے تک بند ہوچکے ہیں۔ بہار کالونی کی مرکزی جامع مسجد کے اطراف بھی گٹر کا گندا پانی موجود ہے جبکہ متعدد گلیوں میں چلنے کا راستہ بھی نہیں ہے ۔ شاہ عبدالطیف بھٹائی روڈ کا بھی کوئی پرسان حال نہیں اور وہاں بھی جگہ جگہ گندا پانی ، کیچڑ اور کچرے کے ڈھیر موجود ہیں ۔ علاقہ مکینوں نے کئی بار احتجاج بھی کیا تاہم نمائشی اقدامات کے بعد انتظامیہ پھر غائب ہوجاتی ہے ۔بہار کالونی کے کئی علاقوں میں گٹر کا گندا پانی موجود ہے ۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت پرائیوٹ لیبر کے ذریعے سے کام کروانے پر مجبور ہیں ۔ٹینری روڈ پر بھی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ۔ لیاری کے سب سے بڑے فٹبال اسٹیڈیم جو لیاری اسپتال کے سامنے واقع ہے وہاں بھی کئی کئی فٹ بارش کا پانی موجود ہے ۔ لیاری اسپتال کے اطراف میں بھی سیوریج کا پانی موجود ہے۔
تازہ ترین