• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران کشمیر سے متعلق عوام کو حقائق نہیں بتا رہے: فضل الرحمٰن

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکمران مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عوام کو حقائق نہیں بتا رہے، جے یو آئی کے کارکن ملک کی سرحدات کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن کی صدارت میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان (ف) کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد دھرنے اور اس کی تاریخ پر مشاورت بھی کی گئی۔

اجلاس میں چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سے اراکین نے شرکت کی، جس میں ملکی سیاسی و مجموعی صورت حال اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کا نفاذ انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف، ظالمانہ اور سفاکانہ ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی اقدام کو یو این او کی قرار دادوں کی کھلی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی اقدام پوری دنیا کے لیے چیلنج ہے۔

جمعیت علماء اسلام ف کی مرکزی مجلس شوریٰ کے دو روزہ اجلاس کے پہلے دن حکومت کے خلاف اسلام آباد میں دھرنے اور مسئلہ کشمیر کا معاملہ زیر غور رہا۔

اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے شوریٰ کو ملکی اور بین الاقوامی صورتِ حال پر بریف کیا۔

دو روزہ اجلاس اتوار کے دن بھی جاری رہے گا، جس کے بعد شام کو پریس کانفرنس میں اہم اعلانات متوقع ہیں۔

تازہ ترین