• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر میں بھارتی اقدام کی حمایت کرنے پر مودی کا امارات سے اظہار تشکر

کراچی(نیوزڈیسک )کشمیر میں بھارتی اقدام کی حمایت کرنے پر بھارتی وزیر اعظم مودی نے متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا ہے،بھارتی وزیر اعظم کو متحدہ عرب امارات کے اعلی سول ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے ۔بھارتی وزیر اعظم نے امارات میں اسٹریٹجک تعلقات مضبوط کرنے پر گفتگو کی ۔ابوظبی کے ولی عہد سے ملاقات میں مودی نے امارات کا کشمیر کیلئے اس کی پوزیشن پر شکریہ ادا کیا،انہو ں نے کہا کہ کشمیر کے داخلی معاملے کو سمجھنے اور اس کی حمایت پر وہ امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،متحدہ عرب امارات ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے مودی حکومت کے کشمیر کے اقدام پر اپنا بیان دیا ہے ۔دوسری جانب مودی نے امارات اور بحرین کے تاجروں کو کشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے زور دیا ہے اور اکتوبر میں جموں و کشمیر میں ہونے والی انویسٹرز کی سمٹ میں شرکت کی بھی دعوت دی ہے ۔علاوہ ازیں بھارتی وزیر اعظم نے امارات میں اسٹریٹجک تعلقات مضبوط کرنے پر گفتگو کی،تفصیلات کے مطابق نریندر مودی کو امارات کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’آرڈر آف زیاد‘ دیا گیا، متحدہ عرب امارات کے کے شیخ محمد بن زید النہیان نے نریندر مودی سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’آپ (ایوارڈ) کے حقدار ہیں‘۔واضح رہے کہ شیخ محمد بن زید النہیان نے رواں برس اپریل میں ٹوئٹ میں نریندر مودی کے لیے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ کا اعلان کیا تھا۔سماجی حلقوں کی جانب سے نریندر مودی کو مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال میں اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔بیروت کی انسانی حقوق کی تنظیم کی رکن سما حدید نے کہا کہ ’خلیجی ملک کی جانب سے نریندر مودی کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں تاہم انہوں نے انسانی حقوق کو اقتصادی فوائد کے لیے قربان کردیا‘۔انہوں نے کہا ’بھارت ناصرف عالمی مذمت سے راہ فرار اختیار کرچکا ہے بلکہ مسلمان اتحادی ممالک سے مزید حمایت حاصل کررہا ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’بھارت کشمیرمیں کرفیو لگا کر کشمیریوں کی آواز نہیں دبا سکتا‘۔

تازہ ترین