• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا مخالف ممالک ایران، روس اور شمالی کوریا کے بیک وقت میزائل تجربات

 کراچی(نیوزڈیسک)امریکہ مخالف ایران،روس اور شمالی کوریا نے بیک وقت میزائل تجربات کیے ہیں، روس نے دو سب میرین سے نیوکلیئر ہتھیار لے جانیوالے میزائل فائر کیے،اس کے علاوہ ماسکو نے سمندر میں تیرنے والا پہلا ایٹمی ری ایکٹر تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے،ادھرساتویں میزائل تجربے سے امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی تخفیف پر ہونے والے مذاکرات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔تفصیلات کے مطابق ایران نے بھی نیا میزائل تجربہ کیا ہے،ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف نے میزائل تجربے کو قوم کے لیے کامیاب دن قرار دیا ہے۔کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے ہفتہ کو علما کے گروپ کو بریفنگ دی۔جس میں انہوں نے گذشتہ روز کیے گئے میزائل تجربے کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے میزائل تجربے سے متعلق مزید تفصیلات نہیں بتائیں،روسی فوج کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ملک کے شمالی میں دوسب میرین نے ہفتے کو آئی سی بی ایم کے تجربے میں حصہ لیا اور کم شٹکا میں میزائل تجربے کیے،دونوں میزائل متعدد نیوکلیئر ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،روس نے سمندر میں تیرنے والا پہلا ایٹمی ری ایکٹر تیار کر لیا ہے۔روس نے ماحولیاتی ماہرین کی تنبیہ کے باوجود سمندر میں تیرنے والا پہلا ایٹمی ری ایکٹر تیار کرکے اسے قطب شمالی سے سائبیریا کی جانب 5 ہزار کلومیٹر طویل سفر پر روانہ کر دیا ہے۔علاوہ ازیں شمالی کوریا نے چند ہفتوں کے دوران ساتواں میزائل تجربہ کیا ہے جس کے بعد امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی تخفیف پر ہونے والے مذاکرات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے ہفتے کو مختصر فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے دو بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔شمالی کوریا کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے سمندر میں دو بیلسٹک میزائل گرے ہیں جنہیں جنوبی کوریا کی طرف سے فائر کیا گیا تھا۔ادھر ایرانی نائب وزیر دفاع قاسم تقی زادہ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ انتہائی پیچیدہ میزائلوں کی ہدف کو مار کرنے کی صلاحیت 1800 کلو میٹر تک ہے۔ایرانی نائب وزیر دفاع قاسم تقی زادہ نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے انتہائی پیچیدہ نوعیت کے تباہ کن میزائل تیار کررکھے ہیں مگردشمن کو سرپر ائز دینے کے لیے انہیں منظرعام پرنہیں لایا گیا۔ ان میزائلوں کا حال ہی میں کامیاب تجربہ کیا گیا ۔

تازہ ترین