پشاور میں پولیس نے لاہور کے خطرناک اجرتی قاتل اور گینگ وار کے اہم ملزم غواش بٹ کو گرفتار کر لیا۔
غواش بٹ کا شمار ٹاپ ٹین کے خطرناک ملزمان میں ہوتا ہے جو مختلف وارداتوں میں کئی ماہ سے پولیس کو مطلوب تھا۔
پولیس کے مطابق غواش بٹ کو تھانہ شرقی پولیس نے فورٹ روڈ سے گرفتار کیا، ملزم پر مخالف گینگ سے تعلق رکھنے والے معروف تاجر شیخ چنا کو قتل کرنے کا الزام ہے ۔
10 اگست کو لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں ایک لڑکی کے قتل میں ملوث ہونے میں بھی غواش بٹ کا نام آ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقتولہ کی شیخ چنا سے بھی دوستی تھی، جبکہ غواش بٹ پرقاتلانہ حملے کی مخبری کا الزام اسی لڑکی پر تھا۔
شیخ چنا نے غواش بٹ پر 2 سال پہلے حملہ کیا تھا، تاہم پولیس کے مطابق 4 سے زائد افراد کانام بھی لڑکی کے قتل کے اس کیس میں لیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ غواش بٹ کی گرفتاری سے لڑکی کے اصل قاتل کا بھی پتہ چل جائے گا۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے قتل اور دیگر وارداتوں میں اضافے کے بعد تفتیش کے تانے بانے ٹاپ ٹین گینگ وار سے جا کر ملے تو ٹاپ ٹین کا سرغنہ غواش بٹ پولیس کو مطلوب ہو گیا۔
غواش بٹ کی گرفتاری کے لیے پولیس نے جگہ جگہ چھاپے تاہم اس کی گرفتاری پشاور فورٹ روڈ پر پشاور پولیس کے ہاتھوں عمل میں آئی۔
پولیس 2 ماہ سے غواش کو گرفتار کرنے کی کوشش میں تھی جسے اب لاہور لایا جائے گا، لاہور انویسٹی گیشن پولیس کی خصوصی ٹیم پشاور پولیس کی جانب سے غواش بٹ کی گرفتاری کی اطلاع ملنے پر اسے لاہور لانے کے لیے روانہ ہو چکی ہے۔