• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر میں موجود سسرال والوں سے رابطہ نہیں ہورہا، اُرمیلہ ماٹونڈکر

بھارتی اداکارہ وسیاسی رہنما اُرمیلہ ماٹونڈکر نے کہا ہے کہ 22 دِن گُزر گئے لیکن کشمیر میں موجود میرے سسرال والوں سے میرا اور میرے شوہر کا کوئی رابطہ نہیں ہورہا۔

 اُرمیلہ ماٹونڈکر  نے مودی سرکار کا مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر جاری ظُلم و ستم کا بھانڈہ پھوڑتے ہوئے کہا کہ ’میری ساس اور سُسر مقبوضہ کشمیر میں مقیم ہیں لیکن 22 دِن گُزر گئے ہیں اور میرے شوہر کا اُن سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہورہا ۔‘

اُرمیلہ ماٹونڈکر کا کہنا ہے کہ ’میری ساس اور سُسر دونوں شوگر اور بلڈ پریشر کے مریض ہیں اور ہمیں یہ بھی نہیں معلوم کہ اُن کی طبیعت کیسی ہے اور اُن کے پاس دوا ہے یا نہیں۔‘

گزشتہ دِنوں ’اُرمیلہ ما ٹونڈکر‘ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ بھی کیا تھا، انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’بھارتی حکومت نے بہتر مستقبل کے لیے مقبوضہ کشمیر سے آرٹیکل 370 تو ختم کردیا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے مقامی لوگوں اور رہنمائوں کو دی جانے والی اذیت کب ختم ہوگی؟ اور کشمیر کو کرفیو سے کب نجات ملے گی؟‘

واضح رہے کہ روا ں ماہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آرٹیکل 370 کو ختم کیا گیا تھا، جس کے بعد مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوج کی جارحیت اور قبضہ بر قرار ہے۔

تازہ ترین