سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جیل میں الرجی ہو گئی۔
سندھ کے سابق وزیرِ قانون ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود جیل میں فریال تالپور کو بی کلاس نہیں دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں گرمی اور ایئرکنڈیشن نہ ہونے کی وجہ سے فریال تالپور کو الرجی ہو گئی ہے جبکہ ان کی آنکھ میں موتیا ہے اور وہ دل کی مریضہ بھی ہیں۔
بلاول ہاؤس کراچی سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور سے اڈیالہ جیل میں ضیاء الحسن لنجار، غلام مصطفیٰ لغاری اور دیگر وکلاء نے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد ضیاء الحسن لنجار نے بتایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود فریال تالپور کو جیل میں بی کلاس نہیں دی گئی، راولپنڈی میں حالیہ ہیٹ ویو اور جیل میں ایئر کنڈیشن کی عدم سہولت پر فریال تالپور کو الرجی ہوگئی ہے۔
ضیاءالحسن لنجار کے مطابق فریال تالپور کو آنکھ میں موتیا کی شکایت بھی ہے، جبکہ وہ عارضۂ قلب میں پہلے ہی مبتلا ہیں۔
ضیاء لنجار ایڈووکیٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ فریال تالپور کو اسپیشل ڈاکٹرز سے میڈیکل چیک اپ کی سہولت بھی نہیں دی جا رہی۔