کراچی میں بارش کی پہلی بوند پڑتے ہی مختلف علاقوں میں حسب روایت بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
کراچی کے جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے ان میں نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، بفر زون، کھارادر، صدر، لیاری، اورنگی ٹاؤن، کورنگی، گلستانِ جوہر، گلشن اقبال، کیماڑی، لیاقت آباد، ملیر، طارق بن زیاد سوسائٹی سمیت متعدد علاقے شامل ہیں۔
ان علاقوں میں 4 بجے شام سے بجلی کی فراہمی معطل ہے اور بارش کے بعد خوش گوار ہونے والا موسم بارش رکنے کے بعد بجلی نہ ہونے سے گرمی اور حبس میں تبدیل ہو چکا ہے۔
بجلی کی فراہمی معطل ہونے اور گرمی و حبس کے باعث شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ آج سہ پہر کراچی کے مختلف علاقوں سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، بفر زون، لسبیلہ، گرو مندر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ملیر، شاہ فیصل کالونی، ایئر پورٹ، لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، ایم اے جناح روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، اورنگی ٹاؤن، سائٹ، بلدیہ ٹاؤن، شیر شاہ، لیاری، لی مارکیٹ، جونا مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، کھارادر، میٹھا در، ٹاور، کیماڑی میں اچانک بارش ہوئی۔
شہر میں بارش شروع ہوتے ہی مختلف سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو گئی جس کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار سلپ ہو گئے، مختلف سڑکوں، گلیوں اور چوراہوں پر بارش کا پانی جمع ہو گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والی بارش کے نتیجے میں کراچی میں 40 سے زائد افراد بجلی کے کھمبوں، ٹوٹے ہوئے تاروں اور دیگر تنصیبات سے کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہو گئے تھے۔