• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن: بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پاکستانی کمیونٹی کا احتجاج

لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرنے اور کشمیریوں کو آزادی دینے کا مطالبہ کیا۔

ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور وادی کا خصوصی درجہ ختم کیے جانے کے خلاف برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر مظاہرہ کیاگیا، جس میں شریک پاکستانی اور کشمیری برادری نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت یکطرفہ بدلنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر صرف مسلمانوں کانہیں بلکہ انسانیت اور پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔

یورپی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آج بحث کی جائے گی۔ اجلاس میں یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس5 اگست سے مقبوضہ وادی میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ پیش کرے گی۔

برطانیہ کے شہر شیفیلڈ میں بھی مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا، اس موقع پر مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ مظاہرین میں ناصرف کشمیریوں اور پاکستانیوں بلکہ انگریزوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنےاور وہاں جاری لاک ڈاؤن کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

تازہ ترین