قلعہ سیف اللہ کے زمینداروں اور کسانوں نے زرعی اجناس کے مطلوبہ نرخ نہ ملنے کے خلاف گاڑیوں میں لدے ٹماٹر سڑک پر پھینک کر احتجاج کیا اور قومی شاہراہ پر دھرنا دیا۔
بلوچستان کے زرعی ضلع قلعہ سیف اللہ میں تاجر، کسان اور زمیندار ٹماٹر سے لدی گاڑیاں لے کر سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے ٹماٹر سڑک پر پھینک کرضائع کر دیئے۔
مظاہرین نےسبزی منڈی سے احتجاجی ریلی نکالی اور جنکشن چوک پر دھرنا دے کر کوئٹہ اسلام آباد قومی شاہراہ پر آمدورفت بھی معطل کردی۔
زمینداروں کا کہنا ہے کہ افغانستان اور ایران سے ٹماٹر کی درآمدات کے باعث بلوچستان کے ٹماٹر مقامی منڈیوں میں کوڑیوں کے دام فروخت ہورہے ہیں۔ چمن، طورخم، تفتان بارڈر سے ٹماٹر اور سیب کی درآمد پر فوری پابندی عائد کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سال بھر محنت کےبعد جب ٹماٹر مقامی منڈی میں لے جانے کا وقت آتا ہے تو ہمسایہ ممالک سے ٹماٹر سیب و دیگر اجناس کی درآمدات شروع ہوجاتی ہیں جو زمینداروں کا معاشی قتل ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ زمیندار دشمن پالیسی ترک کرتے ہوئے کسانوں کو سبسڈی دی جائے۔