کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے سرکاری اراضی پر غیرقانونی سوسائٹیز بنانے سے متعلق ایک درخواست ضمانت میں ملزمان کے وکیل پر سخت برہمی کا اظہار کرتےہوئے کہاہےکہ کسی نے واٹربورڈ کی تو کسی نے کلفٹن کی زمین بیچ دی اور یہاں آکر سب اپنے آپ کو بے گناہ کہتے ہیں‘ یہاں سب بیگناہ ہیں اورلوگوں کو جائے نمازسے پکڑکرلایاگیاہے‘سندھ ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکیل کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو سرکاری زمین پر غیر قانونی سوسائٹی بنانے سے متعلق ذوالفقار شہلوانی اور ظفر اقبال کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔