• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واقعہ کربلا سے درس لینے والے ہمیشہ سرخرو ہوتے ہیں،فردوس عاشق


وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ واقعہ کربلا سےدرس لینےوالےہمیشہ سرخرو ہوتےہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں’ حسین رب کا ۔۔۔ حسین سب کا ‘ کے عنوان سے منعقدہ امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حسینی کردار تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہتا ہے، شہدائے کربلا کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیےسب کا اپنا اپنا انداز ہے۔

انہوں نے کہا کہ حق وباطل کی لڑائی میں آخر کار فتح حق کی ہی ہوتی ہے، حق کےراستے میں ہمیشہ مشکلات آتی ہیں۔

کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں،مہنگائی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، کاروباری طبقے کے حقوق کا بھی تحفظ کیا جائے گا، ملکی برآمدات بڑھانے میں ٹیکسٹائل کے شعبے کا اہم کردار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  گزشتہ دہائیوں سے بند صنعتوں کوبحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ سیالکوٹ دنیا میں صنعتی لحاظ سےجانا پہچانا جاتا ہے، ٹیکسٹائل صنعت کی بحالی کےلیے ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے، حکومت نےکاروبارمیں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اور صنعتوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے مزدوروں کے حقوق سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی لیبر قوانین کے ذریعے مزدوروں کو تحفظ دینے جارہے ہیں، حکومت مزدوروں کےحقوق کا ہر ممکن تحفظ کرے گی، صنعتیں نہیں چلیں گی تو برآمدات کا ہدف حاصل نہیں ہوسکے گا، صنعتوں میں کام کرنیوالے مزدوروں کےتحفظ اور صنعتوں کی بحالی کا فیصلہ  کیا  ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کانفرنس کے دوران کشمیر کی حالیہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج انتہا پسند مودی نےمقبوضہ وادی میں کربلا برپا کی ہوئی ہے، کشمیرکےعوام ڈٹ کر اپنا مؤقف پیش کررہے ہیں، کشمیری اپنے جذبہ ایمانی سےحق پرکھڑے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کشمیر میں بہنوں کی حرمت پامال ہورہی ہے، کشمیری اصلی حسینی پیروکار ہیں جوطاقتور کو للکار رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بچوں کو چونتیس دن سے کھانے پینے کی اشیاء میسر نہیں، اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل سمیت تمام عالمی ادارے دیکھ لیں کہ کشمیرمیں مذہبی آزادی بھی میسر نہیں۔

تازہ ترین