• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 محرم الحرام، ملک بھر میں جلوس کی تمام تر تیاریاں مکمل


9 محرم الحرام کے جلوس کی تمام تر تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں، 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کراچی سمیت ملک بھر میں برآمد ہوں گے، جلوس و مجالس کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی

کربلا میں نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہو گا۔

جلوس سے قبل نشتر پارک میں مرکزی مجلس برپا ہو گی جس میں سید الشہداء حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی سیر ت و کردار پر روشنی ڈالی جائے گی ۔

مجالس کے بعد شبیہ ذوالجناح، علم اور تازیوں کا جلوس برآمد ہو گا، جلوس نمائش چورنگی سے پیپلز چورنگی اور صدر سے ہوتا ہوا ایم اے جناح روڈ، ریڈیو پاکستان اور کھارادر سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگا جبکہ نماز ظہرین قائداعظم کے مزار کے وی آئی پی گیٹ کے سامنے ادا کی جائے گی۔

مرکزی جلوس کے راستوں اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

جلوس کے روٹ پر آنے والی تمام سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرز اور قناتیں لگا کر سیل کر دیا گیا ہے اور جلوس کی سیکیورٹی پر 7 ہزار سے ذائد پولیس اور رینجرز کے جوان تعینات ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ جلوس کی گزر گاہوں کی سرچنگ اور سوئیپنگ بھی کی کرے گا، جلوس کی فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کے زریعے مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

بلند عمارتوں پر بھی پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ شہر میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے، جلوس کے روٹ پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی ۔

لاہور

لاہورمیں پولیس نے نویں اور دسویں محرم الحرام کا سیکیورٹی پلان تیار کر لیا، شہر میں ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، ٹریفک پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کی تعیناتی کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا جس کے مطابق 15 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

لاہور میں مرکزی جلوس کچھ دیر میں پانڈواسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا جبکہ روایتی راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات امام بارگاہ پر اختتام پزیرہوگا۔

پشاور

پشاور میں شبیہہ زوالجناح کاجلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے 10 بجے برآمد ہوگا۔ صدرروڈ،فخرعالم روڈ،کالی باڑی،چوک فوارہ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ہال پرختم ہوگا، شہر میں آج اور کل محرم کو جلوس کے راستوں اور قریبی علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی

کوئٹہ

کوئٹہ میں آج اور کل موبائل سروس صبح 6 بجے سے رات 12 بجے بند رہے گی، 2 روز کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے جبکہ شہر میں آج اور کل محرم کو جلوس کے راستوں اور قریبی علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں 9 محرم کامرکزی جلوس امام بارگاہ اثنائے عشری سے آج دوپہر 1 بجے برآمد ہوگا ۔

راولپنڈی

واقعہ کربلا کی یاد میں صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں بھی جلوس اور مجالس جاری ہیں، راولپنڈی کی امام بارگاہ یادگار حسین کمرشل مارکیٹ سے علم کا جلوس برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ یادگار حسین پر اختتام پذیر ہو گا ۔

ملتان

ملتان میں 9 محرم کا مرکزی جلوس آج امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہو گا، جلوس کے روٹ اور تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

تازہ ترین