• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمیونٹی بھارت کیخلاف احتجاج جاری رکھے گی، عمران علی چوہدری

بارسلونا(نمائندہ جنگ)وزیراعظم پاکستان عمران خان جب تک سلامتی کونسل سے خطاب نہیں کرتے تب تک دنیا بھر میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی بھارتی جارحیت اور کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں ہونے والے ہفتہ وار احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے کیا۔انھوں نے کہا کہ ہم ستائیس ستمبر سے پہلے بارسلونا میں بہت بڑے احتجاج کا اہتمام کر رہے ہیں جس سے مقامی ہسپانوی کمیونٹی کو کشمیر میں ہونے والے ظلم و تشدد کے بارے میں معلومات ملیں گی اور مقامی کمیونٹی اپنے اپنے پلیٹ فارم سے مسئلہ کشمیر کو بہتر طریقے سے اجاگر کرے گی۔اس احتجاج میں سپین میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے شرکت کی ۔ ندائے کشمیر کے صدر راجہ مختار سونی ، ڈاکٹر ہما جمشید نے مودی سرکار پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب ساری دنیا میں مسئلہ کشمیر اور وہاں جاری انڈین آرمی کےمظالم عیاں ہو چکےہیں ، انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے کشمیر کی آئینی اور ذاتی حیثیت ختم کرنے کے لئے جو چال چلی تھی وہی چال کشمیر کی آزادی کا باعث بنے گی ، انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا تب تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ، مقررین نے کہا کہ بارسلونا کی تاریخ میں کشمیریوں کے حق کے لئے جو سب سے بڑا احتجاج ہونے جا رہا ہے اس میں کشمیری اور سپین میں مقیم تمام پاکستانیوں کو اپنے بچوں سمیت شامل ہونا چاہئے تاکہ مقامی کمیونٹی کو پتا چلے کہ کشمیر میں کس قدر ظلم و تشدد ہو رہا ہے ۔ اس موقع پر کشمیر بنے گا پاکستان اور لے کے رہیں گے آزادی کے فلک شگاف نعروں سے فضاگونجتی رہی۔قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کی عمارت میں ہونے والے اس احتجاج میں ملک محمد شریف ، حافظ عبدالرزاق صادق ، چوہدری کلیم الدین وڑائچ ، راجو الیگزینڈر ، طارق بھٹی ، میاں محمد اظہر سمیت سیاسی اور سماجی رہنما بھی شریک ہوئے ۔
تازہ ترین