• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضمیر فروشوں سے پارٹی مقبولیت ہضم نہیں ہو رہی، بی این پی

کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد لقمان کاکڑ نے کہا ہے کہ بی این پی بلوچستان کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے، عوام کی شمو لیت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ سردار اختر مینگل بلوچستان کے وہ واحد لیڈر ہیں جنہیں عوام اپنا حقیقی نمائندہ سمجھتی ہے اور وہ یہ باور کرتے ہیں کہ وہی امید کی آخری کرن ہیں۔جو انہیں درپیش مسائل سے نجات دلا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نواں کلی کوئٹہ کے رہائشی محمد نسیم کاکڑ اور لعل محمد کاکڑ کی سینکڑوں ساتھیوں سمیت بی این پی میں شمولیت کے موقع پر خطاب میں کیا۔ انہوں نے نئے شامل ہونیوالے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بی این پی مظلوموں کی جماعت ہے اور پارٹی نے ہمیشہ بلوچستانی عوام کیساتھ ہونیوالی نا انصافیوں، ناحق قتل وغارت گیری اور برادر اقوام میں نفرتیں پیدا کرنے کے خلاف اپنی آواز بلند کی ہے آج بھی بالا دست قوتیں قبائلی جھگڑوں کو ہوا دینے میں بھر پور طریقے سے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، فرقہ واریت، لسا نیت ، مذہب حتی کہ زئی وخیلی کی بنیاد پر بھی عوام کو تقسیم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی میں عوام کی شمو لتیں خوش آئند ہیں اور ہمیں پتہ ہے کہ تنگ نظر اور ضمیر فروشوں سے یہ عمل ہضم نہیں ہو پا رہا۔ انہوں نے کہا کہ 22 ستمبر کا جلسہ ان قوتوں پر کاری ضرب ہو گا ۔
تازہ ترین