• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عشرت العباد نے میئر کراچی کو مسائل کے حل کا فارمولا بتا دیا

سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد شہری مسائل کے حل کے لیے میدان میں آگئے، دبئی میں میئر کراچی وسیم اختر سے اہم ملاقات کی اور انہیں مسائل کے حل سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

عشرت العباد خان نے مسائل کے حل کے لیے میئر کراچی کو اپنے مکمل تعاون کی دہانی کرائی اور تجاویز پیش کیں، ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی صوبائی حکومت اور وفاق کے ساتھ کورڈینیشن کو بڑھائیں۔

سابق گورنر نے اپیل کی کہ کراچی کے اسٹیک ہولڈر بھی میئر کراچی کے ساتھ تعاون میں اپنا کردار ادا کریں جبکہ وفاق کراچی کے منصوبوں کی جلد تکمیل اور فنڈز کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔

عشرت العباد خان کاکہنا تھا کہ شہر میں موجود وفاقی ادارے بھی مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی نمائندوں سے تعاون بڑھائیں.

اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ مسائل حل کرنا ہیں تو سیاسی تلخی، الزامات اور گریبان چاک کرنے کی سیاست ختم کرنا ہوگی۔

وسیم اختر نے کہا کہ ہمیں عارضی حل کے بجائے مستقل بنیادوں پر حل تلاش کرنا ہوگا، بلدیاتی اختیارات کی فراہمی کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر کے مسائل کے حل اور ماضی کی طرح آج بھی وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی حکومتوں کے درمیان کورڈینیشن کے لیے آپ جیسی شخصیت کی ضرورت ہے.

سابق گورنر نے میئر کراچی کو یقین دہانی کرائی کہ میرا بھرپور تعاون آپ کے ساتھ ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ناصر حسین شاہ سے بھی رابطہ کر کے ساتھ بیٹھنے اور کام کرنے کے لیے بات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی سے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ، بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے بات کروں گا، مسائل کے حل کے لیے میرا بھرپور تعاون آپ کے ساتھ ہے ۔

میئر کراچی کا ملاقات میں کہنا تھا کہ میں جانے سے پہلے ایسا بلدیاتی نظام دینا چاہتا ہوں جس کے بعد آنے والی قیادت وسائل اور مسائل کا رونا نہ روئے۔

تازہ ترین