واشنگٹن (جنگ نیوز) افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی سفارتکار زلمے خلیل زاد نے جمعرات کو بند کمرے میں ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے اراکین کو طالبان کے ساتھ مذاکرات معطل ہونے کے سلسلے میں بریفنگ دی اور ان کے سوالوں کے جواب دیے۔
اجلاس کے بعد چیرمین ایلیٹ اینگل نے کہا کہ اب صدر کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ آگے کیا کرنا چاہتے ہیں۔
’’میرا خیال ہے کہ ابھی بہت سے سوالات کے جواب آنا باقی ہے۔ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ صدر کوئی فیصلہ کریں۔ میری رائے میں صدر کو یہ فیصلہ جلد کرنا چاہئے۔ ‘‘
بند کمرے کے اجلاس کے بعد جنوبی ایشیا کیلئے قائم مقام معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نےکمیٹی کے سامنے پیش ہوکر اراکین کانگریس کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات منقطع کرنے کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ گزشتہ ایک برس کے دوران مذاکرات کے جو نو دور ہوئے ہیں۔
طالبان کا رویہ ان مذاکرات کے لب لباب اور طرز عمل سے مطا بقت نہیں رکھتا تھا۔