• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریٹائرمنٹ کی عمر کا معاملہ، کمیٹی 3ہفتے بعد بھی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی

کراچی (سید محمد عسکری) وزیراعظم کی جانب سے ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے سے متعلق بنائی گئی 7 رکنی کمیٹی 3 ہفتے گزرنے کے باوجود کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکی جس کی وجہ سے کمیٹی کی مدت میں ایک مہینے کی توسیع کر دی گئی ہے۔

یہ کمیٹی وزیراعظم کے مشیر برائے انسٹی ٹیوشنل ریفارمزڈاکٹر عشرت حسین کی سربراہی میں 19 ؍ اگست کو قائم کی گئی تھی اور اس کمیٹی کو 3 ؍ ہفتوں کی مہلت دی گئی تھی جس میں انہیں وزیراعظم کو ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے سے متعلق سفارشات پیش کرنی تھی تاہم کمیٹی سفارشات پیش نہیں کر سکی۔

’’جنگ‘‘ کو کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر عشرت حسین نے بتایا کہ عمر کی حد کے معاملے میں کمیٹی کے ارکان میں اختلافات ہیں، کچھ ارکان عمر میں اضافے کے حامی اورکچھ مخالف ہیں۔

اس حوالے سے سخت بحث و مباحثہ جاری ہے، کچھ کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے سے نوجوانوں کی مشکلات بڑھیں گی اور انہیں ملازمتوں کے حصول میں دشواری ہوگی جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ تجربہ کار افراد سے ملک کو فائدہ پہنچے گا۔

ڈاکٹر عشرت نے بتایا کہ کسی حتمی رائے پر پہنچنے کیلئے کمیٹی کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ کمیٹی میں ڈاکٹر عشرت حسین کے علاوہ سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکرٹری دفاع، سیکرٹری قانون، آڈیٹر جنرل پاکستان اور جوائنٹ سیکرٹری خزانہ شامل ہیں۔

تازہ ترین