• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین کی سرکاری پالیسی کشمیریوں کے مؤقف کی حامی ہے، راجہ نجابت حسین

بریڈ فورڈ (جنگ نیوز) جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے یورپین پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بحث میں حصہ لینے اور برٹش کشمیریوں کے حقیقی نمائندگی پر برطانوی ارکان یورپی پارلیمنٹ رچرڈ کوربٹ، اینتھیا میکنٹائر، شفاق محمود، فل بینئن، ٹریسا گریفن، کرس ڈیوس، جینا ڈاؤڈنگ اور بیرونز نوشینہ مبارک کا شکریہ ادا کیا اور پوری کشمیری قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کے دیگر ملکوں خصوصاً دائیں بازو کے شدت پسندوں نے بھارتی حکومت کے حالیہ اقدامات کو نظرانداز کر کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز بلند نہ کر کے یورپی روایات کی نفی کی ہے جبکہ خارجہ امور کی نمائندگی کرنے والے وزیر کی تشویش اور بھارتی اقدامات پر جس انداز میں کھل کر اظہار کیا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ 28ممالک کی یورپی یونین کی سرکاری پالیسی بھی کشمیریوں کے موقف کی حامی ہے۔ راجہ نجابت حسین نے بذریعہ ٹیلی فون تمام کشمیر دوست ارکان یورپی پارلیمنٹ سے رابطہ کر کے انہیں برطانیہ واپسی پر خوش آمدید کہنے کے ساتھ ان کے حلقوں میں تقریبات منعقد کرانے کیلئے بھی وقت کا تعین کیا ہے۔ راجہ نجابت نے برٹش کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ممبران یورپی پارلیمنٹ کو خطوط کے ذریعے بھی شکریہ ادا کریں اور ان تمام برٹش ممبران یورپی پارلیمنٹ کا محاسبہ کریں جنہوں نے کشمیری عوام پر ہونے والی زیادتیوں کو یکسر نظرانداز کر کے بھارتی موقف کو اجاگر کیا۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ اگلے دو ہفتوں میں برائیٹین میں ہونے والی لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس اور مانچسٹر میں ہونے والی کانفرنس میں تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداران نہ صرف لابی اجلاس منعقد کریں گے بلکہ دوسری برٹش پارٹیوں کے اجلاسوں میں شامل ہو کر کشمیری عوام کا نقطہ نظر پہنچائیں گے۔ 29ستمبر کو مانچسٹر میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں بھی تمام کشمیری اور پاکستانی اکثریت میں شریک ہو کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں تا کہ برطانوی حکومت اپنی کشمیر پالیسی میں تبدیلی لائے۔ تحریک حق خودارادیت کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسین ڈار، کونسلر نازیہ رحمن، کونسلر نگہت خان، کونسلر صبیحہ خان،کونسلر کنیز اختر، مساجد کونسل برسٹل کے صدر راجہ محمد عارف اور دیگر لیبرپارٹی رہنما بھی کشمیر لابی میں متحرک کردار ادا کریں گے۔ راجہ نجابت حسین، ہیری بوٹا، سردار عبدالرحمن خان، امجد حسین مغل، پامیلا اشرف ملک، ثمینہ خان، کونسلر مدثر دین، راجہ اشتیاق احمد اور دیگر کنزرویٹو پارٹی کی کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کے تازہ ترین حالات سے حکمران جماعت کے رہنماؤں، ارکان پارلیمنٹ کو آگاہ کریں گے۔
تازہ ترین