• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب دیمک کسی لکڑی یا فرنیچر یا پھر دروازوں پر لگ جائے تو اس چیز کو کھوکھلا کرکے ہی دم لیتی ہے۔ زیادہ تر دیمک سیلن والی جگہوں پر ہوتی ہے، لیکن لکڑی کو دیمک کی پسندیدہ جگہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ایک بار دیمک گھر میں آجائے تو اس کو ختم کرنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔ کئی مہنگی فیومیگیشن کے بعد دیمک سے چھٹکارا تو حاصل ہوجاتا ہے لیکن ساتھ یہ بھی ڈر لگا رہتا ہے کہ کہیں دوبارہ دیمک کسی چیز پر حملہ نہ کردے۔

دیمک چونٹیوں کی طرح کالونی میں رہتی ہیں، ان کی کالونی زمین کے اندر تقریباً نو فٹ گہرائی میں ہوتی ہے، یہ اپنی کالونی سے تقریباً دو سو گز تک زمین دوز راستے بنا کر خوراک تک پہنچتی ہیں۔ ویسے تو بازار میں دیمک کنٹرول کرنے کے لیے بہت سی ادویات موجود ہیں مگر یہاں ہم آپ کو دیمک سے نجات کے لیے چندکار آمد ٹوٹکے بتارہے ہیں ۔

نمک

دیمک کو ختم کرنے میں نمک بہت کار آمد ہے، یہ دیمک کو بڑھنے سے روکتا اور دوسری چیزوں کو دیمک لگنے سے محفوظ رکھتا ہے۔

طریقہ:برابر کی مقدار میں نیم گرم پانی اور نمک لے کر ایک پیالے میں ملالیں۔ یہاں تک کہ نمک پانی میں حل ہوجائے ۔ یہ محلول سرنج میں بھر کر دیمک لگی چوکھٹوں میں ڈالیں۔ اس عمل کو کچھ دن تک روزانہ کریں۔

سفید سرکہ

چھوٹی جگہ پر پیدا ہونے والی دیمک کو سفید سرکے سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے ۔

طریقہ:آدھا کپ سرکہ اور2لیموں کا رس ملالیں۔ یہ محلول اسپرے بوتل میں ڈال کر دیمک لگی جگہ پر ڈالیں۔ کچھ دنوں تک دن میں دو مرتبہ یہ اسپرے کریں۔

صابن کا پانی

صابن کا پانی دیمک کے خول پر ایک تہہ بنادیتا ہے، جس سے ان کا سانس لینے کا نظام ختم ہوجاتا ہے اور وہ مرجاتی ہیں۔

طریقہ:دو کھانے کے چمچ برتن دھونے والا لیکویڈ سوپ 4 کپ پانی میں ملائیں۔ اس محلول کو اسپرے بوتل میں ڈال کر متاثرہ جگہوں پر اسپرے کریں۔ نتائج سامنے آنے تک روزانہ یہ عمل کریں۔

بوریکس

دیمک کو ختم کرنے کے لیے بوریکس بھی کارآمد ہے۔ دیمک لگے حصے پر بوریکس کی تہہ لگادیں ۔ ہر دوسرے دن ایک ہفتے تک اس طرح کرنے سے دیمک کا خاتمہ ہوجائے گا۔ بوریکس کا محلول بنا کر بھی لکڑی کی سطح پر اسپرے کیا جاسکتا ہے ۔ محلول بنانے کے لیے 8اونس گرم پانی میں ایک چائے کا چمچ بوریکس ملائیں۔

نارنگی کا تیل

جن جگہوں پر دیمک موجود ہو، وہاں نارنگی کا تیل کچھ دنوں تک روزانہ لگائیں۔ متاثرہ حصوں میں چھوٹے سوراخ کر کے یا سرنج کے ذریعے کھوکھلی جگہ میں تیل ڈالا جاسکتا ہے۔ جب تک دیمک کا خاتمہ نہ ہوجائے اسی طرح تیل ڈالتے رہیں۔

نیم کا تیل

نیم کا تیل ہلکے ہلکے اثر دکھاتا ہے لیکن یہ دیمک کو بڑھنے نہیں دیتا۔ اگر یہ تیل براہ راست دیمک پر لگے تو اس کا خاتمہ کردیتا ہے۔ روئی پر نیم کا تیل لگا کر اسے دیمک سے متاثرہ فرنیچر یا دروازے کھڑکیوں پر لگائیں ۔ دیمک اس تیل کو چاٹ کر ختم ہوجاتی ہے۔ نیم کا تیل بار بار لگانے سے کچھ ہی دنوں میں دیمک کا خاتمہ ہوجائے گا۔

تمباکو

دیوار کو لگی دیمک کا علاج یہ ہے کہ بلخی تمباکو یا کڑوا تمباکو حسب ضرورت لیں اور اس میں مٹی کا تیل ڈال کر بھگو کر رکھ دیں اور دوسرے یا تیسرے دن جب دیکھیں کہ تمباکو نے تیل جذب کر لیا ہے تو پھر اس میں تیل ڈال دیں اورتقریباً ایک ہفتہ بعد وہ تیل ہلاکر استعمال کریں۔

طریقہ: یمک کو کھرچ کر صاف کر لیں پھر یہ آمیزہ وہاں کسی بھی برش یا روئی وغیرہ سے لگالیں اور جہاں سے دیمک شروع ہو وہاں جڑ میں تھوڑ ا سا گیلا تمباکو ڈال دیں۔ ایک مرتبہ کے عمل سے ہی دیمک سے نجات مل جائے گی۔

مٹی کا تیل

دیمک والی جگہ پراسپرے میں مٹی کا تیل بھر کرچھڑک دیں،ا سپرے زیادہ کریں تاکہ وہ جگہ مٹی کے تیل سے تر ہوجائے۔

کارڈ بورڈ

کارڈ بورڈ پر دیمک بہت تیزی سے آتی ہے اور آپ چاہیں تو گھر میں کارڈبورڈ کو نم کرکے اس جگہ رکھ دیں جہاں دیمک ہو۔ نمی کی وجہ سے دیمک اس پر پل پڑے گی اور جب ڈھیروں دیمک اکٹھی ہوجائے تو اس بورڈ کو اٹھا کر دھوپ میں رکھتے ہوئے جلادیں۔اگر گھر میں دیمک کی تعداد کم ہو تو یہ نسخہ کافی کارگر ثابت ہوگا۔

گوشت کا پانی

گائے یا بکرے کے گوشت کا پانی اسپرے میں بھر کر صرف تین دن چھڑک کر دیکھ لیں، گھر سے دیمک کا صفایا ہوجائے گا۔

تازہ ترین