• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کولیسٹرول پر کیسے قابو پایا جائے؟

کولیسٹرول ایک ایسی بیماری ہے جو دِل کی بیماری اور فالج کا سبب بنتی ہے لیکن اب کولیسٹرول کی بڑھتی ہوئی سطح کو گھریلو نسخوں سےکنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

کولیسٹرول کیا ہے؟

ہمارے جسم میں موجود چربی ہمارے خون کے ساتھ سفر کرتی ہے اور ہماری صحت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہے لیکن اِسی چربی کی زائد مقدار کو ’کولیسٹرول‘ کا نام دیا جاتا ہے جو انسانی صحت کے لیے مضر ہے اور سینے میں درد، دِل کا دورہ اور فالج جیسی بیماریوں کی جڑ ہے۔

کولیسٹرول سے خون گاڑھا ہوجاتا ہے اور خون کی نالیاں چپکنے لگتی ہیں جس سے دِل تک خون کا دورانیہ متاثر ہوتا ہے۔

کولیسٹرول کی اقسام:

دو قسم کے کولیسٹرول ہیں۔

  1. کم کثافت لیپو پروٹین (ایل ڈی ایل) (Low Density Lipoprotein (LDL
  2. اعلی کثافت لیپو پروٹین (ایچ ڈی ایل) (High Density Lipoprotein (HDL

عام طور پر کم کثافت لیپو پروٹین (ایل ڈی ایل) کولیسٹرول کو ناقص کولیسٹرول سمجھا جاتا ہے جبکہ اعلٰی کثافت لیپو پروٹین (ایچ ڈی ایل) کولیسٹرول کو صحت کے لیے اچھا سمجھا جاتا ہے، یہ دونوں قسمیں جسم میں موجود کولیسٹرول کو جسم کے دوسرے حصوں تک پہنچانے میں مدد کرتے ہیں۔

کولیسٹرول کی بڑھتی سطح کو کیسے کنٹرول کیا جائے؟

کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے کے لیے ضروری ہے کہ صحت مندانہ غذا کا استعمال کیا جائے اور ساتھ ہی ورزش کو بھی اپنی روز مرہ زندگی کا حصہ بنایا جائے لیکن چار ایسے گھریلو نسخے ہیں جو کولیسٹرول کو کم کرنے میں فائدہ مند ہیں۔

لہسن:

لہسن ہمارے باورچی خانے کا ایک ایسا طاقتور جزو ہے جو ہمارے کولیسٹرول اور ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق یہ معلوم ہوا ہے کہ لہسن میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو جسم میں خون کو گاڑھا ہونے اور جمنے سے روک سکتی ہیں۔

کولیسٹرول کے لیے لہسن کو استعمال کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ 2 سے 3 لہسن کے جوے لے لیں اور اُس کو پیس کے کھالیں، اِس سے کولیسٹرول کی سطح برقرار رہے گی۔

پالک:

ہرے پتوں والی یہ سبزی قدرتی فوائد سے بھر پور ہے، پالک میں لوٹین نامی ایک اینٹی آکسیڈینٹ ہوتا ہے جو خون کے بہاؤ میں (ایل ای ڈی) کولیسٹرول کو کم کرتا ہے، اِس کے علاوہ پالک شریانوں میں چربی کے ذخائر کو بھی روکتی ہے، پالک میں موجود فائبر نظامِ ہاضمہ کو بھی بہتر بناتا ہے اور اِس میں کیلشیم اور میگنیشیم بھی کثرت سے پایا جاتا ہے۔

اگر کولیسٹرول کے مریض پالک کو اپنی روز مرہ کی غذا میں شامل کرلیں تو یہ اُن کی صحت کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

اخروٹ:

اومیگا 3  فیٹی ایسڈ سے بھرپور اخروٹ آپ کی دل کی صحت کے لئے بہت اچھا ثابت ہوسکتا ہے۔ اخروٹ میں موجود پروٹینز اور وٹامنز کولیسٹرول کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

اخروٹ، بادام، کاجو اور پستے جیسے میووں کو اگر کولیسٹرول کا مریض اپنے ناشتے میں استعمال کرے تو یہ کولیسٹرول کی وجہ سے مریض کے بڑھتے ہوئے وزن کو کم کرے گا اور اِس سے صحت بھی اچھی ہوگی۔

سیب:

سیب میں قدرتی طور پر موجود فائبر انسانی جسم سے اضافی کولیسٹرول کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، روزانہ ایک سے دو سیب کھانے سے کولیسٹرول کی بڑھتی ہوئی سطح پر قابو پایا جاسکتا ہے اور یہ مریض کو موٹاپے سے بھی نجات دلاتا ہے۔

واضح رہے کہ اِن سب غذا کے علاوہ کولیسٹرول کے مریضوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ روزانہ باقاعدگی سے ورزش کریں، تیل اور گھی کا استعمال کم کریں، سگریٹ نوشی اور نشہ آور چیزوں کے استعمال سے گریز کریں۔

تازہ ترین