لندن (نیوز ڈیسک) برطانوی میٹ آفس نے چار دن بارشوں اور 27 فلڈ الرٹس کی وارننگز جاری کی ہیں۔ میٹ آفس کے مطابق شدید خراب موسم کی پیش کوئی کے نتیجے میں ریگاٹا لندن ریس منسوخ کر دی گئی جو کہ اتوار کو دریائے ٹیمز میں منعقد ہونے والی تھی۔ ماہرین نے چار دنوں کیلئے شدید بارشوں اور سیلاب کے 27 الرٹس کا انتباہ جاری کیا ہے اور اس دوران عوام کو گھروں سے نکلنے میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ میٹ آفس نے کہا کہ انگلینڈ اور ویلز کے کچھ حصوں میں شدید بارشوں اور تند و تیز ہوائوں کی وجہ سے عوام کو سفری مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ میٹ آفس نے چار روز کیلئے شدید بارشوں کے ساتھ یلو وارننگ جاری کی جبکہ انوائرمنٹ ایجنسی نے ملک کے مختلف حصوں کیلئے 27 ایکٹیو فلڈ الرٹس جاری کئے ہیں۔ اس ہفتے مسلسل بارشوں کی پیش گوئی کی وجہ سے نارتھ ویسٹ اور سائوتھ ویسٹ آف انگلینڈ کے مختلف ایریاز میں شدید سیلاب کے خدشات کی وارننگز جاری کی گئی ہیں۔ ماہرین موسمیات نے ویلز میں بھی اتوار کو شدید بارش کا انتباہ دیا ہے۔ ڈیوون اور کورنوال جیسے ایریاز میں شدید جھکڑ چلیں گے، جن کی رفتار 50 میل فی گھنٹہ سے زیادہ ہوگی اور اس کے ساتھ زبردست بارش ہوگی اور ان ایریاز میں 30 ملی میٹر سے 40 ملی میٹر بارش پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لیڈز، شیفیلڈ، مانچسٹر، لیورپول، سوانسی اور کارڈف کے علاقوں کیلئے بھی میٹ آفس نے ستمبر کے باقی ماندہ دنوں کیلئے ویدر وارننگز جاری کی ہیں۔ میٹ آفس میٹیورولوجسٹ ایلیکس برکل نے کہا کہ چار روز میں ان ایریاز میں ہوا کا دبائو کم ہوگا، جس کی وجہ سے مسلسل بارشیں ہوں گی اور جھکڑ چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 70 ملی میٹر تک بارش پڑ سکتی ہے جو پہاڑوں پر ہوگی۔ کچھ ایریاز میں مختصر وقت کیلئے 30 سے 40 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ ویک اینڈ پر جانے والوں کو موسم کی خرابی کے باعث سفری تعطل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔لوگوں کو گیلے موسم میں گھروں سے باہر نکلنے میں احتیاط سے کام لینا چاہیے۔ ۔ ماہرین نے موٹرسٹس کو مشورہ دیا کہ وہ سڑکوں پر پھسلن ہونے کی وجہ سے انتہائی احتیاط کے ساتھ ڈرائیونگ کریں اور گھروں سے نکلنے سے قبل موسم کی اپ ڈیٹس ضرور معلوم کریں ۔ ایلیکس برکل نے کہا کہ بلند سمندری لہروں سے ساحلی علاقوں میں سیلابی صورت حال کے خدشات ہیں۔ سائوتھ ویسٹ انگلینڈ کے کوسٹل ایریاز میں اس کے زیادہ اثرات پڑیں گے۔ بارشوں اور تندو تیز لہروں کی وارننگز کی وجہ سے اتوار کو دریائے ٹیمز میں ہونے والی ریگاٹا لندن ریس منسوخ کر دی گئی ہے۔ ریس کے آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ طوفانی موسم کے خدشات کی پیش گوئی سے دریا میں پانی کی روانی پر اثر پڑے گا اور تلاطم آئے گا، ان حالات میں ایونٹ کا بحفاظت انعقاد ممکن نہیں ہے۔ میٹ آفس کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی صبح انگلینڈ اور ویلز میں دھوپ نکلی اور ہلکی بارش ہوئی جبکہ لندن میں ہفتے کے روز زیادہ تر دھوپ رہی تاہم ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کو گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ہو گی اور 30 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی ۔ انگلینڈ، ویلز، شمالی آئرلینڈ اور جنوبی سکاٹ لینڈ کے بیشتر حصوں میں اتوار کو تند و تیز ہوائوں کے ساتھ شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ میٹ آفس کے ماہرین کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کے بیشتر حصوں میں جھکڑوں کے ساتھ پیر کو بارش ہوگی، سینٹرل اور ویسٹرن سکاٹ لینڈ کے زیادہ حصے میں موسم خشک رہے گا، منگل کو بھی انگلینڈ اینڈ ویلز سینٹرل اور سدرن حصوں میں ہوائوں کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔ بدھ کو نارتھ سے سائوتھ تک تمام حصوں میں موسم خشک اور ٹھنڈا رہنے کے امکانات ہیں۔