• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کی اسٹریٹ کرائمز روکنے میں ناکامی، یونیورسٹی جانے والی طالبہ فائرنگ سے باپ کے سامنے جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں اسٹریٹ کرائمز بے قابو،مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران یونیورسٹی کی طالبہ کی جان لے لی۔

تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال تھانے کی حدودموچی موڑ کے قریب دوران ڈکیتی مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے24سالہ مصباح اطہر ولد اطہر زخمی ہو گئی،اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج اس نے دم توڑ دیا۔

پولیس کے مطابق مصباح اطہر ہمدرد یونیورسٹی میں تھرڈ ائیر کی طالبہ تھی،وہ جمعرات کی صبح7بجکر5منٹ پر اپنے والد کیساتھ گھر سے کار میں بیٹھ کر اسٹاپ پر یونیورسٹی کے پوائنٹ کے انتظار میں تھی کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان آئے اور اسکے والد سے لوٹ مار کی اور دوران فرار فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گولی مصباح کی آنکھ کے قریب لگی جسکے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئی۔

مصباح کے چچانے بتایا کہ انکے بھائی اور بھتیجی نے دوران ڈکیتی مزاحمت نہیں کی تھی تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مزاحمت کی گئی ہے،ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق جائے وقوعہ سے نائم ایم ایم پستول کا ایک خول ملا ہے جسکی فرانزک کروائی جا رہی ہے.

انہوں نے بتایا کہ واقعہ لوٹ مار کا ہے،ملزمان مصباح کے والد کی طرف آئے اور شیشہ نیچے کروا کر ان سے انکا پرس اور موبائل فون چھینا اور اسے جانب سے ہاتھ بڑھا کر مصباح سے اسکا پرس اور موبائل فون چھیننے کی کوشش کی.

اس دوران ممکنہ طور پر مصباح یا اسکے والد کی جانب سے مزاحمت کی گئی جس میں فائر ہوا، ملزمان کا پستول بھی نیچے گرا،علاقے میں سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ رہے ہیں جبکہ مصباح کے والد سے چھینے جانے والے موبائل فون کی لوکیشن بھی لی گئی ہے اور آخری بار موبائل فون سہراب گوٹھ کے علاقے میں بند ہوا ہے.

ملزمان اسٹریٹ کرمنلز تھےاور انہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا،انہوں نے بتایا عینی شاہدین کے مطابق ملزمان کی عمر20سے25برس ہے اور وہ شکل و صورت سے افغانی معلوم ہوتے ہیں.

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کے مطابق مصباح کی ہلاکت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے،کیس پر کام کر رہے ہیں۔دوسری جانب مصباح کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا.

اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی،بعد ازاں مصباح کی نماز جنازہ مقامی مسجد میں ادا کی گئی جسمیں بڑی تعداد میں اہل علاقہ اور متوفیہ کے رشتہ داروں نے شرکت کی۔شہرقائد میں ڈاکوو ں اور فائرنگ کے دیگر واقعات میں 4 افراد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود سیکٹر 6بی مہران ٹاؤن میں موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے لوٹ مار کے د وران پرچون کے دکان کے مالک 35سالہ حمید ولد نصرالدین کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور فرار ہوگئے علاقہ مکینوں نے فوری طورپر پولیس کو اطلاع دی اور زخمی کو رکشے میں جناح اسپتال منتقل کیا ۔

شرافی گوٹھ تھانے کی حدود شاہ فیصل پل پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 24سالہ عبدالرحمان ولد عبدالابراہیم شدید زخمی ہوگیا جس کو جنا ح اسپتال لایا گیا پولیس کے مطابق مذکورہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا ۔

جیکسن تھانے کی حدود کیماڑی گلشن سکندرمیں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 20سالہ شیر ولی ولد محمد عمر خان زخمی ہوگیا جبکہ اسہی علاقے میں فائرنگ کے دوسرے واقعے میں 25سالہ عمران ولد جان محمد زخمی ہوا جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

تازہ ترین