• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری، فریال کے ریمانڈ میں 22 اکتوبر تک توسیع

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

اس سے قبل آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان احتساب عدالت اسلام آبادمیں پیش ہوئے، جج محمد بشیر نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے تفتیشی افسر کے تاخیر سے پہنچنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔


احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ آپ صبح پہلے رپورٹ کیا کریں، یہ نہیں ہو گا کہ سب یہاں آپ کا انتظار کرتے رہیں۔

نیب کے تفتیشی افسر نے احتساب عدالت کو بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے کے لیے صرف چیئرمین نیب کی منظوری باقی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: زرداری نے اہلکار کو چھڑی مار دی

انہوں نے بتایا کہ نیب نے 2 ملزمان کی انٹرپول کے ذریعے واپسی کے لیے وزارتِ داخلہ سے رجوع کر رکھا ہے، یونس کوڈواوی اور اعظم وزیر کے ریڈ وارنٹ کی درخواست وزارتِ داخلہ کو دی تھی۔

تفتیشی افسر نے یہ بھی کہا کہ آئندہ سماعت تک ضمنی ریفرنس بھی دائر کر دیں گے۔

عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

تازہ ترین