وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام یا انتشار پھیلا تو ذمے دار مولانا فضل الرحمنٰ ہوں گے، ان کی تحریک کا نقصان کشمیر کو پہنچ سکتا ہے۔
وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی 27 اکتوبر میں دو ہفتے پڑے ہیں، خدانخواستہ کوئی چھیڑ چھاڑ نہ ہو جائے اور اگر کوئی چھیڑ چھاڑ ہوئی تو سارا ملبہ مولانا پر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمنٰ نے پہلے بھی اپوزیشن کی سیاست کو بہت نقصان پہنچایا ہے، وہ جو کھیل کھیلنا چاہتے ہیں خود اس میں پھنس جائیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا نون لیگ اور پیپلز پارٹی کو استعمال کرنا چاہتے تھے، اگر عمران خان صرف 6 آدمیوں کو رہا کر دیں تو تحریک کا دھڑن تختہ ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بہت ذمے دار بیان دیا ہے، میں شہباز شریف سے کہتا ہوں کہ وہ اِدھر یا اُدھر ایک طرف ہو جائیں۔
وزیرِ ریلوے نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے اپنی سیاست ایک طرف رکھ کر معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے جرأت مندانہ اقدامات کیے ہیں، قوم کو یقین ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان ایک سچے سیاستدان ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ کشمیر جان سے عزیز ہے، اس کی صورتِ حال کشیدہ تر ہوتی جا رہی ہے اور میں نہایت ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ بھارت کوئی شرارت کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی استحکام اور سلامتی کے لیے اقتصادی حالت کا بہتر ہونا ضروری ہے، وزیرِ اعظم کے دورۂ چین میں ایم ایل 2 کی داغ بیل بھی رکھی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: ہماری جنگ کا میدان پورا ملک ہوگا، فضل الرحمنٰ
وزیرِ ریلوے نے بتایا کہ ہم کیبنٹ میں بیٹھے ہیں، کسی کی جرأت نہیں کہ ناموسِ رسالت صلی اللّٰہ وسلم کے خلاف کچھ ہو جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ علماء کی بہت بڑائی تعداد نے وزیرِ اعظم عمران خان کی سلامتی کونسل میں تقریر کی پذیرائی کی ہے۔
شیخ رشید نے یہ بھی بتایا کہ میں نے آج صبح اٹھتے ہی وزیرِ اعظم عمران خان کو اپنی اور پوری قوم کی طرف سے سالگرہ کی مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔