• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹی20 میں بھی ہرادیا

سری لنکا نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 35 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔ 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا۔ 

پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے ابتدائی بلے باز لڑکھڑا گئے اور 9 کے مجموعے پر فخر زمان اور 16 پر بابر اعظم بالترتیب 6 اور 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 

ایسے میں کپتان سرفراز احمد اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کا ساتھ دینے آئے اور ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ 

ٹیم کو تیسرا نقصان 51 رنز پر اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد بڑی شاٹ کھیلتے ہوئے بولڈ ہوگئے۔ 

اگلی ہی گیند پر عمر اکمل ایک مرتبہ پھر بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

حالیہ سیریز میں یہ دوسرا موقع ہے جب عمر اکمل کو ’گولڈن ڈک‘ ملا، پہلے ٹی20 میں بھی وہ پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے تھے۔

ایک رن کے اضافے کے بعد کپتان سرفراز احمد بھی بولڈ ہوگئے اور یوں آدھی ٹیم 52 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی۔

عماد وسیم نے آصف علی کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دیا اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 75 رنز بنائے۔ 

پاکستان کو ساتواں نقصان عماد وسیم کی صورت میں 127 کے اسکور پر اٹھانا پڑا جس کے بعد سری لنکن بولرز نے پاکستانی بلے بازوں کو یکے بعد دیگر پویلین لوٹا کر اننگز کا خاتمہ کردیا۔ 

قومی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ عماد وسیم نے 47 رنز بنائے جبکہ آصف علی نے 29 اور سرفراز احمد 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

قبل ازیں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھانوکا راجا پکسے کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پہلی اننگ کے دوران مہمان ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور 16 کے مجموعی اسکور پر اوشکا فرنینڈو 8 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

ایسے میں دنشکا گناتھیکالا نے بھانوکا راجا پکسے کا ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کا اسکور 41 رنز تک پہنچایا جہاں وہ 15 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کا شکار بنے۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں شیہان جےسوریا اور بھانوکا راجا پکسے نے 94 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کو بڑے ہدف کی جانب گامزن کیا۔

شیہان جے سوریا نے 34 رنز کی اننگز کھیلی اور 135 کے مجموعی پر آؤٹ ہوگئے تاہم نمایاں کارکردگی بھانوکا راجا پکسے کی رہی جنہوں نے 6 بلند و بالا چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 142 رنز تک پہنچایا جہاں وہ شاداب خان کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔

سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم، شاداب خان اور وہاب ریاض نے ایک یک وکٹ حاصل کی تھی۔

اس فتح کے ساتھ ہی سری لنکا کو پاکستان کے خلاف سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے مہمان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ قومی ٹیم 2 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری۔

آل راؤنڈر افتخار احمد اور فہیم اشرف کی جگہ اوپنگ بیٹسمین فخر زمان اور فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 64 رنز سے شکست دے دی تھی۔

اس فتح کے ساتھ ہی سری لنکا نے نہ صرف اس دورے میں پہلی کامیابی سمیٹی بلکہ 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کرلی۔

تازہ ترین