• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنی سرزمین پر پہلی مرتبہ شکست

سری لنکا نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان کو اس کی اپنی سرزمین پر پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست سے دوچار کردیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تین میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی ٹیم جیت کا عزم لیے میدان میں اتری لیکن اس کے خواب ناتجربہ کار سری لنکن ٹیم نے چکنا چور کردیے۔

سری لنکا نے پاکستان کو پہلے میچ کی طرح سیریز کے دوسرے میچ میں بھی آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 35 رنز سے شکست دے کر 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کسی ٹیم نے گرین شرٹس کو اسی کی اپنی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ 20 اپریل 2008 کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا تھا، جس میں قومی ٹیم نے 102 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اس کے بعد 3 مارچ 2009 کو لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد ٹیموں کے پاکستان آنے کے انکار کی وجہ سے یہاں بین الاقوامی کرکٹ ختم ہوگئی تھی۔

ملک میں کرکٹ کی بحالی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کاوشیں رنگ لائیں تو زمبابوے کی ٹیم نے 2015 میں دورہ پاکستان کے لیے رضا مندی کا اظہار کیا اور اس دورے کے دوران 2 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی گئی جس میں گرین شرٹس نے 0-2 سے کامیابی حاصل کی۔

لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد ستمبر 2017 میں جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی کی کپتانی میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ورلڈ الیون نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

اس دورے کے دوران پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی گئی تھی اور ان میچز کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے بین الاقوامی میچز کا درجہ دیا گیا تھا۔

سرفراز احمد کی کپتانی میں ورلڈ الیون کو گرین شرٹس نے 1-2 سے زیر کیا تھا۔

اس کے بعد سری لنکا اور پاکستان کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ اکتوبر 2017ء میں لاہور میں کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم 0-3 سے کامیاب رہی تھی۔

ایک سال بعد ویسٹ انڈیز کی ناتجربہ کار ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا جس میں قومی ٹیم نے کالی آندھی کو 0-3 سے آؤٹ کلاس کردیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان اس وقت عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ٹی ٹوئنٹی ٹیم ہے جبکہ سری لنکا کے خلاف اسے ہوم ایڈوانٹیج بھی حاصل تھا، تاہم اسے مہمان ٹیم نے مسلسل 2 میچوں میں شکست دے کر نہ صرف سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کی بلکہ اسے ہوم گراؤنڈ میں شکست دے کر تاریخ بھی رقم کردی۔

تازہ ترین
تازہ ترین